رسائی کے لنکس

مغربی کنارے پر آباد کاروں کی بستیاں ہمیشہ اسرائیل کے پاس رہیں گی : نتن یا ہو



اسرائیلی وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ اُن کا ملک مقبوضہ مغربی کنارے پر یہودی آباد کاروں کی بڑی بڑی بستیوں پر اپنے کنٹرول کو برقرار رکھے گا۔ اسرائیلی لیڈر کے اس بیان نے اُن فلسطینیوں کو برہم کردیا ہے ، جو اُس زمین پر مسقبل میں اپنا کوئى وطن قائم کرنا چاہتے ہیں۔

بنجامن نتن یاہو نے اتوار کے روز یروشلم کے جنوب میں واقع بستی گُوش ایتزیون کا ایک دورہ کرتے ہوئے یہ وعدہ کیا ہے۔انہوں نے اس بستی میں یہودی مذہب کے یومِ شجر کاری کے موقعے پر ایک درخت کا پودا لگایا۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق وہ یہودی آباد کاروں کی دو اور بستیوں میں جاکر مزید پودے لگائیں گے۔
مسٹر نتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل ان علاقوں میں بستیاں تعمیر کرے گا اور ہمیشہ وہاں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر اسرائیلیوں کا یہی موقف ہے۔

فلسطینی صدر محمود عباس کے ایک مُشیر نے ایسو سی ایٹڈ پریس سے کہا ہے کہ مسٹر نتن یاہو کے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں۔

نبیل ابو رضَینہ نے اسرائیل پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکہ کے ایلچی جارج مچل کے خطّے کے تازہ ترین دورے کو ناکام بنانے کی کوشش کررہا ہے۔مچل ، اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG