رسائی کے لنکس

جنوبی لبنان پر اسرائیلی ڈرون حملہ،حماس کے عسکری ونگ کا ایک رکن ہلاک


ایک لبنانی فوجی ملک کے جنوب میں واقع ایک قصبے صور کے قریب اس مقام پر کھڑا ہے جہاں ایک اسرائیلی ڈرون نے ایک کار کو نشانہ بنایا تھا۔ 13 مارچ 2024
ایک لبنانی فوجی ملک کے جنوب میں واقع ایک قصبے صور کے قریب اس مقام پر کھڑا ہے جہاں ایک اسرائیلی ڈرون نے ایک کار کو نشانہ بنایا تھا۔ 13 مارچ 2024
  • اسرائیلی ڈرون نے صور قصبے کے باہر ایک کار کو نشانہ بنایا۔
  • جنوبی لبنان کے پناہ گزین کیمپ رشیدہ میں حماس کے جنگجوؤں کی ایک قابل ذکر تعداد موجود ہے۔
  • 7 اکتوبر کے حملے میں لاپتہ امریکی اسرائیلی سپاہی ایٹی چن کی ہلاکت کی تصدیق

جنوبی لبنان پر بدھ کے روز اسرائیل کے ایک ڈورن حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے جن میں سے ایک حماس کے عسکری ونگ کا رکن تھا۔

اس ڈرون حملے میں بحیرہ روم کے ساحلی علاقے کے قریب واقع قصبے صور کے باہر ایک کار کو نشانہ بنایا گیا۔

لبنان کے سرکاری میڈیا نے حماس کے رکن کی شناخت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا تعلق رشیدہ پناہ گزین کیمپ سے تھا۔ اس کیمپ میں حماس کے عسکری گروپ سے تعلق رکھنے والے افراد کی قابل ذکر تعداد موجود ہے۔

اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز اس نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس پر فضائی حملے کیے اور وسطی غزہ میں اپنی زمینی کارروائیاں جاری رکھیں۔ اسرائیل بقول اس کے، یہ کارروائیاں حماس کو ختم کرنے کا اپنا ہدف پورا کرنے کے لیے جاری رکھے ہوئے ہے۔

حماس کے زیرانتظام کام کرنے والی وزار ت صحت نے بدھ کو بتایا کہ گزشتہ روز اسرائیلی حملوں میں مزید 88 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ وزارت کا مزید کہنا ہے کہ اکتوبر کے اوائل میں شروع ہونے والی اس جنگ میں اب تک مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 31272 ہو گئی ہے جب کہ 73000 سے زیادہ افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے دیر البلح میں اسرائیلی بمباری کے بعد لوگ عمارتوں کے ملبے سے بچی کچی قابل استعمال چیزیں ڈھونڈ رہے ہیں۔ 13 مارچ 2024
غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے دیر البلح میں اسرائیلی بمباری کے بعد لوگ عمارتوں کے ملبے سے بچی کچی قابل استعمال چیزیں ڈھونڈ رہے ہیں۔ 13 مارچ 2024

منگل کے روز اسرائیلی فورسز نے یروشلم کے قریب الجیب نامی بستی کے قریب دو فلسطینیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائی اس کے بعد کی گئی جب پانچ فلسطینیوں کا ایک گروپ ایک ہائی وے پر آگ لگانے والے بم پھینک رہا تھا۔

یروشلم کے مضافات میں واقع ایک پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فورسز نے جھڑپوں کے دوران ایک 12 سالہ لڑکے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

امریکی اسرائیلی یرغمال ہلاک

صدر جو بائیڈن نے منگل کے روز کہا کہ انہیں ایک 19 سالہ امریکی اسرائیلی سپاہی ایٹی چن کی ہلاکت کا سن کر گہرا صدمہ ہوا ہے۔

اس سے قبل یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ چن کو حماس کے حملہ آور اپنے ساتھ یرغمال بنا کر لے گئے تھے، لیکن اس ہفتے اسرائیلی فوج نے یہ اعلان کیا کہ چن 7 اکتوبر کے حملے کے دوران مارا گیا تھا۔

امریکی اسرائیلی سپاہی ایٹی چن جو 7 اکتوبر کو حماس کے جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد سے لاپتہ تھا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ اسے یرغمال بنا لیا گیا تھا، اب اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ اکتوبر کے حملے میں مارا گیا تھا۔
امریکی اسرائیلی سپاہی ایٹی چن جو 7 اکتوبر کو حماس کے جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد سے لاپتہ تھا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ اسے یرغمال بنا لیا گیا تھا، اب اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ اکتوبر کے حملے میں مارا گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ میں ان تمام خاندانوں کے ساتھ، جن کے افراد ابھی تک یرغمال ہیں، اپنے اس عہد کو دوہراتا ہوں کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم آپ کے پیاروں کو واپس لانے کا کا م کبھی ختم نہیں کریں گے۔

چن کے خاندان کے افراد ان 100 کے لگ بھگ یرغمالوں کی محفوظ رہائی کے لیے، جو ابھی تک حماس کی قید میں ہیں، امریکی اور اسرائیلی عہدے داروں پر دباؤ ڈالنے میں پیش پیش ہیں۔ ایٹی چن کے والد روبی چن یرغمالوں کی رہائی کی کوشش کے لیے کئی بار میڈیا پر آ چکے ہیں اور اعلیٰ امریکی عہدے داروں سے مل چکے ہیں۔

امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ امریکہ یہ تعین نہیں کر سکتا کہ آیا تمام یرغمال ابھی تک زندہ ہیں۔

اسرائیل نے حماس کو ختم کرنے کی اپنی مہم 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد شروع کی ہے جس میں 1200 افراد ہلاک اور 250 کے لگ بھگ یرغمال بنا لیے گئے تھے۔

(اس رپورٹ کے لیے معلومات رائٹرز، اے پی اور اے ایف پی سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG