رسائی کے لنکس

اٹلی میں کرونا وائرس کے نئے مریضوں اور اموات میں مسلسل کمی


اٹلی میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکلنا شروع ہو گئے ہیں۔ 9 مئی 2020
اٹلی میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکلنا شروع ہو گئے ہیں۔ 9 مئی 2020

عالمی وبا کوویڈ 19 کا پھیلاؤ یورپ کے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں میں مسلسل کم ہو رہا ہے، جن میں اٹلی بھی شامل ہے۔ اٹلی اس وقت سپین اور برطانیہ کے بعد یورپ کا سب سے متاثرہ ملک ہے۔

ہفتے کے روز اٹلی میں کرونا وائرس سے 194 اموات ہوئیں جو ایک روز پہلے 243 تھیں۔ شہری تحفظ کی ایجنسی نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز کرونا کے 1083 کیس رپورٹ ہوئے، جب کہ جمعے کے روز یہ تعداد 1327 تھی۔

اٹلی میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت 21 فروری کو ہوئی تھی، اس کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 30395 اموات ہو چکی ہیں۔ کرونا سے سب سے زیادہ جانی نقصان اٹھانے والے ملکوں میں اٹلی کا نمبر تیسرا ہے۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر امریکہ، پھر برطانیہ اور اس کے بعد اٹلی کا نمبر آتا ہے۔

اٹلی میں ہفتے کے روز تک کرونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 218268 تھی جو امریکہ اور سپین کے بعد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

اٹلی میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 84842 ہے جو ایک روز پہلے 87961 تھی۔

ہفتے کے روز کرونا کے 1034 مریض انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں تھے، جب کہ ایک روز قبل یہ تعداد 1168 تھی۔ اس تعداد میں بھی مسلسل کمی آ رہی ہے۔

صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کرونا سے متاثر ہونے والے 103031کو صحت مند قرار دے دیا گیا ہے، جب کہ ایک روز قبل تک صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 99023 تھی۔

شہری تحفظ کی ایجنسی نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز تک ملک میں ساڑھے 16 لاکھ افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ جب کہ ایک روز قبل ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 16 لاکھ 10 ہزار کے قریب تھی۔ اٹلی کی کل آبادی 6 کروڑ ہے۔

XS
SM
MD
LG