رسائی کے لنکس

اٹلی: کرونا وائرس سے 29 ہلاکتیں، مریضوں کی تعداد 1100 سے بڑھ گئی


وینس (فائل)
وینس (فائل)

اٹلی کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں کرونا وائرس کے 1000 سے زیادہ مریض موجود ہیں اور اس وائرس سے متاثرہ 29 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اٹلی کے شہری تحفظ کے ادارے کے سربراہ نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ہفتے کے روز اس وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 1128 تک پہنچ گئی۔ عہدے داروں نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 8 مریضوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔

سول تحفظ کے ادارے کے سربراہ اینجلو بوریل نے بتایا کہ اٹلی میں اس وائرس کی ٹسٹنگ میں جن 52 فیصد افراد میں اس کی موجودگی کی تشخیص ہوئی انہیں ہسپتال داخل نہیں کیا گیا ہے، بلکہ انہیں اپنے گھروں میں الگ تھلگ رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ جمعے کے روز سے جن نئے لوگوں میں اس وائرس کے انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے، وہ 21 فروری کو شمالی اٹلی کے 11 قصبوں کی بندش سے پہلے اس انفیکشن میں مبتلا ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ نئے مریضوں کو الگ تھلگ رکھنے کا دورانیہ کم از کم دو ہفتے ہو گا جس کے بعد ان میں اس وائرس پر قابو پانے کے اقدامات کے اثرات کی جانچ ہو سکے گی۔

ہفتے کے روزا اٹلی کی ہوٹل فیڈریشن کے سربراہ نے کہا کہ اٹلی میں نئے وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے امریکی حکومت کی جانب سے امریکیوں پر اٹلی سفر پر نظرثانی کی ہدایت پر زور اٹلی کی سیاحت کی قومی صنعت کے لیے آخری دھچکا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے جمعے کی رات پورے اٹلی میں سفر کے حوالے سے تین درجے کی ایڈوائزری جاری کی تھی، جو انتباہ کا دوسرا سب سے بڑا درجہ ہے۔ محکمہ خارجہ نے کہا کہ بیماریوں کے کنٹرول اور بچاؤ کے مراکز نے غیر ضروری سفر سے گریز کی تجویز دی ہے۔

دوسرے بڑے ملکوں نے شمالی اٹلی کے صرف ان مقامات کے سفر سے گریز کی وارننگ جاری کی ہے جہاں کرونا وائرس کے نئے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اٹلی کے صحت کے عہدے داروں نے ہفتے کے روز رپورٹ دی کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 900 ہو چکی ہے، جو ایشیا سے باہر کسی بھی ملک میں یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

اٹلی کے ہوٹلوں کی فیڈریشن، 'فیڈل برغی' کا کہا ہے کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہر سال لگ بھگ 56 لاکھ امریکی اٹلی کا دورہ کرتے ہیں، جو جرمنوں کے بعد دوسرا سب سے بڑا قومی گروپ ہے۔ وہ اٹلی میں غیر ملکی سیاحوں کا 9 فیصد ہے اور وہ وہاں ان سب سے زیادہ خرچ کرنے والوں میں شامل ہے جو اوسطاً یومیہ 140 یورو اور مجموعی طور سے پانچ ارب یورو سالانہ خرچ کرتے ہیں۔ فیڈل برغی کے صدر برنابو بوکا نے ایک بیان میں کہا کہ حالیہ دنوں میں ہم نے اٹلی آ نے والے امریکیوں کی تعداد میں کمی نوٹ کی ہے اور اب ایک آ خری دھچکا لگ چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG