رسائی کے لنکس

پاکستان بھارت ڈیوس کپ مقابلے اسلام آباد میں ہی ہوں گے، آئی ٹی ایف


پاکستانی ٹینس کھلاڑی اعصام الحق اور بھارتی ٹیم کے کپتان مہیش بھوپاتھی۔ فائل فوٹو
پاکستانی ٹینس کھلاڑی اعصام الحق اور بھارتی ٹیم کے کپتان مہیش بھوپاتھی۔ فائل فوٹو

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے ڈیوس کپ ٹینس مقابلوں کے لیے سیکورٹی کے انتظامات اطمینان بخش ہیں اور یہ مقابلے شیڈول کے مطابق 14 اور 15 ستمبر کو سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے گراس کورٹس پر ہوں گے۔

بھارت نے کشمیر کے حوالے سے کشیدگی کے پس منظر میں آئی ٹی ایف سے درخواست کی تھی کہ یہ مقابلے یا تو کسی غیر جانبدار جگہ منتقل کر دیے جائیں یا پھر انہیں مؤخر کر دیا جائے۔

تاہم آئی ٹی ایف نے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد میں سیکورٹی کے انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن ہے اور یہ مقابلے پروگرام کے مطابق اسلام آباد میں ہی منعقد ہوں گے۔

آل انڈیا ٹینس فیڈریشن نے ان مقابلوں کے لیے مہیش بھوپاتھی کی کپتانی میں 6 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا تھا۔

حالیہ پاکستان بھارت کشیدگی کی وجہ سے بھارت نے سیکورٹی کے حوالے سے اسے پاکستان سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم آئی ٹی ایف کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کا معاملہ آئی ٹی ایف کی ذمہ داری ہے اور وہ اس سلسلے میں میزبان ملک پاکستان سے مسلسل رابطے میں ہے۔

آئی ٹی ایف نے نیوز ایجنسی رائٹرز کو بتایا ہے کہ وہ اور اس کے سیکورٹی مشیر پاکستان میں سیکورٹی کے انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔

XS
SM
MD
LG