رسائی کے لنکس

تھائى لینڈ : ریکارڈ مقدار میں سمگل شدہ ہاتھی دانت کی ضبطی


تھائى لینڈ نے ملک میں خلافِ قانون ہاتھی دانت ضبط کرنے کی آج تک کی سب سے بڑی کارروائى میں افریقی ہاتھیوں کے دو ٹن دانت ضبط کیے ہیں۔

تھائى لینڈ میں کسٹم کے حکام کا کہنا ہے کہ کسی نے بدھ کے روز مُخبری کی تھی کہ اُنہیں بنکاک کے سورن بھومی انٹرنیشنل ائر پورٹ کے ایک گودام میں 239 ہاتھی دانت مل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ہاتھی دانت کی یہ کھیپ جنوبی افریقہ سے چلی تھی اور اسے بذریعہ طیارہ دُبئى سے تھائى لینڈ پہنچایا گیا تھا۔

عہدے داروں نے کہا ہے کہ سمگلروں نے ہاتھی دانت کی پیٹیوں پر ٹیلی مواصلات کے سامان کے لیبل لگا دیے تھے اور اسے تھائى لینڈ کے حکام کے ہاتھوں سکریننگ سے بچانے کے لیے درخواست کی تھی کہ سامان کو بنکاک کے راستے لاؤس بھیجنے کی اجازت دے دی جائے۔

عہدے داروں کو شبہ ہے کہ سمگلر ، ہاتھی دانت کی بین الاقوامی تجارت پر1989 سے عائد ایک پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ، اس کھیپ میں سے کچھ ہاتھی دانت تھائى لینڈ میں رکھنا چاہتے تھے۔حکام نے تھائى لینڈ کے ایسے شخص کو گرفتار کرلیا ہے ، جس نے اس کھیپ کو وصول کرنے کی کوشش کی تھی۔

XS
SM
MD
LG