جاپان کی پولیس نے جمعہ کو کہا ہے کہ انھوں نے ٹوکیو میں امریکی سفارتخانے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق اوکیناوا کے رہائشی متسویوشی کامیا نے امریکی سفارتخانے اور جنوبی جزیرے پر امریکی فوجی اڈے کیمپ شواب کو بم سے اڑانے کی دھکمی آمیز فون کالز کیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بھی باور کیا جاتا ہے کہ 52 سالہ کامیا حالیہ دنوں میں امریکی سفیر کیرولین کینیڈی اور دیگر امریکی سفارتکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔
جمعرات کو امریکہ محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا تھا کہ جاپان کی پولیس نے امریکی سفارتخانے اور سفیر کو دی جانے والی دھمکیوں کے شبعے میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
" ہم امریکی سفارتکاروں اور سفارتی تنصیبات کو ملنے والی کسی بھی دھمکی کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ ہم کئی ہفتوں سے جاپان کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے تھے۔"
جاپانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کامیا نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے بم حملے کی دھمکی دی تھی، تاہم اس کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے ہیں۔ اس پر امریکی سفیر کو دھمکی دینے کا الزام عائد نہیں کیا گیا۔