رسائی کے لنکس

اپنے حوصلے بلند رکھیں : شہنشاہ جاپان کا خطاب


اپنے حوصلے بلند رکھیں : شہنشاہ جاپان کا خطاب
اپنے حوصلے بلند رکھیں : شہنشاہ جاپان کا خطاب

جاپان کے شہنشاہ نے قوم سے اپنے خطاب میں کہاہے کہ وہ زلزلے اور سونامی کے بعد کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اپنی قوت مجتمع اور اپنے حوصلے بلند رکھیں۔ جاپان میں ایسا شاذونادر ہی ہوتا ہے کہ شہنشاہ قوم سے خطاب کریں۔

جاپان کے حالیہ طاقت ور زلزلے اور شدید سمندری طوفان سے ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

جاپانی شہنشاہ اکی ہی تو نے بدھ کے روز اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں متاثرہ علاقوں کی افسوس ناک صورت حال پر گہرا رنج ہوا ہے اور وہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبوں میں دبے ہوئے افراد کی زندہ حالت میں بازیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

جاپان کے سرکاری عہدے داروں تین ہزار سے زیادہ ہلاکتوں کی تصدیق کرچکے ہیں جب کہ ان کا کہناہے کہ دس ہزار سے زیادہ افراد ابھی تک لاپتا ہیں۔

شہنشاہ اکی ہی تو نے اپنے خطاب میں جوہری بجلی گھر فوکوشیما کی پیچیدہ صورت حال پر اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ انہیں توقع ہے کہ ہنگامی کوششیں صورت حال کو مزید خراب ہونے سے روکنے میں مدد دیں گی۔

انہوں نے کہاکہ جاپان کی حکومت اس قدرتی سانحے کے متاثرین کی مدد کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ لیکن سرد موسم، خوراک اور پینے کے پانی کی قلت اور ایندھن کے مسائل متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی زندگیوں پر برا اثرڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ تباہی سے بچ نکلنے والے ان افراد کی ہمت اور حوصلوں سےبہت متاثر ہوئے ہیں جو اپنی زندگیوں کا پھر سے آغاز کررہے ہیں اور وہ ان تمام افراد کے شکرگذار ہیں جو بڑے پیمانے پر کی جانے والی امدادی کوششوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG