رسائی کے لنکس

جاپان: وزیرِاعظم نے امریکی فوجی اڈے کی منتقلی روک دی


اوکی ناوا میں واقع امریکی فوجی اڈہ انتہائی گنجان آباد رہائشی علاقے میں ہے جس کے باعث علاقے کے رہائشی اس سے سخت نالاں ہیں
اوکی ناوا میں واقع امریکی فوجی اڈہ انتہائی گنجان آباد رہائشی علاقے میں ہے جس کے باعث علاقے کے رہائشی اس سے سخت نالاں ہیں

اوکی ناوا کے رہائشی امریکی ہوائی اڈے کی منتقلی کے بھی سخت مخالف ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ امریکی اڈہ جزیرے سے کہیں اور منتقل کیا جائے۔

جاپان کے وزیرِ اعظم سینزو ابے نے جزیرے اوکی ناوا پر قائم امریکی فوجی اڈے کی نئی جگہ منتقلی کا منصوبہ معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بدھ کو ایک اعلامیے میں جاپانی وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ انہیں فوجی اڈے کی جزیرے کے نسبتاً غیر آباد علاقے منتقلی کا کام روکنے اور منصوبے کی مخالف مقامی حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے کی عدالتی تجویز قبول ہے۔

جزیرہ اوکی ناوا کے علاقے فیوٹینما میں دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے امریکی فوج کا ہوائی اڈہ موجود ہے جہاں 19 ہزار سے زائد امریکی میرینز تعینات ہیں۔

لیکن یہ ہوائی اڈہ انتہائی گنجان آباد رہائشی علاقے میں ہے جس کے باعث مقامی لوگ اس کی وجہ سے ہونے والے شور، آلودگی اور امریکی فوجیوں کے جاپانی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے ماضی میں سامنے آنے والے پے در پے واقعات کے باعث سخت نالاں ہیں۔

امریکہ اور جاپانی حکومت نے 1996ء میں اس فوجی ہوائی اڈے کو فیوٹینما سے اوکی ناوا کے ہی ایک نسبتاً دور دراز اور کم گنجان علاقے ہینوکو منتقل کرنے پر اتفاق کیا تھا جہاں امریکہ کی کئی دیگر فوجی تنصیبات پہلے ہی موجود ہیں۔

لیکن اوکی ناوا کے رہائشی امریکی ہوائی اڈے کی منتقلی کے بھی سخت مخالف ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ امریکی اڈہ جزیرے سے کہیں اور منتقل کیا جائے۔

گزشتہ سال جزیرہ اوکی ناوا کے گورنر نے مرکزی حکومت کے دباؤ کے باوجود جزیرے پر نئے امریکی فوجی اڈے کی تعمیر کا اجازت نامہ منسوخ کردیا تھا۔

وزیراعظم سینزو ابے کی حکومت نے مقامی انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا جس نے فریقین کو باہم مشاورت سے تنازع حل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

اوکی ناوا کے موجودہ گورنر تاکیشی اوناگا نے 2014ء میں اپنی انتخابی مہم ہی ہوائی اڈے کو بند کرانے کے نعرے کی بنیاد پر چلائی تھی اور گورنر بننے کے بعد سے ان کے اور مرکزی حکومت کے درمیان اس معاملے پر چپقلش اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق جاپانی عوام کی اکثریت اپنے ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی مخالف ہے جو امریکی اور جاپانی حکام کے بقول "علاقائی سکیورٹی برقرار رکھنے اور خطرات کے فوری مقابلے، قدرتی آفات سے نبٹنے اور علاقے میں امریکہ اور جاپان کے مفادات کے تحفظ کے لیے وہاں موجود ہیں۔"

XS
SM
MD
LG