رسائی کے لنکس

ٹوکیو اولمپکس 2020 ملتوی نہیں ہوں گے: جاپان


جاپان سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس پھیلنے کے سبب کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں۔
جاپان سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس پھیلنے کے سبب کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں۔

جاپان دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود اولمپک گیمز 2020 ملتوی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور اس کی میزبانی کے لیے پر عزم ہے۔

جاپان کی کابینہ کے چیف سیکریٹری یوشی ہدا سوگا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت 24 جولائی سے شروع ہو کر اگست میں ختم ہونے والے اولمپکس مقابلوں کے انعقاد کے لیے تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے اور حکام انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق پارلیمنٹ میں ایک رکن کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سوگا کا کہنا تھا کہ حکومت اولمپکس ملتوی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی اور نا ہی اس طرح کا کوئی منصوبہ زیرِ غور ہے۔

یوشی ہدا کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خود جاپان سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس پھیلنے کے سبب کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور متعدد ممالک کی معیشتوں کو اس سے شدید نقصان پہنچا ہے۔

عالمی مالیاتی منڈیوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے جس کے سبب کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔

جاپان کے وزیرِ اعظم شنزو ایبے نے منگل کو ایک بیان میں کہا تھا کہ گروپ سیون میں شامل ممالک کے رہنماؤں نے مکمل طور پر اولمپک گیمز کے انعقاد کی حمایت پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے اس بات کا امکان یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی ایک رہنما نے بھی اولمپک مقابلوں کے التوا کی بات نہیں کی ہے۔

جاپان کی اسپورٹس فیڈریشنز کے اجلاس کے بعد آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو توشیرو موٹو نے ٹوکیو میں ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ٹوکیو گیمز کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے جب کہ انٹرنیشنل اسپورٹس فیڈریشنز نے بھی اس پر اتفاق کیا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ اولمپک مقابلے شروع ہونے سے پہلے ہی اس وبا پر قابو پا لیا جائے۔

تاہم او آئی سی کو گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ادھر ایک طیارہ ٹوکیو اولمپکس کے لیے اولمپک مشعل لانے کے لیے یونان کے شہر ایتھنز روانہ ہو چکا ہے تاہم اس طیارے میں اعلیٰ سطح کا ایک بھی وفد شریک نہیں ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی جانب سے کیے گئے ایک پول کے مطابق بیشتر جاپانی کمپنیوں نے اولمپکس کے شیڈول کے مطابق انعقاد کی توقع کا اظہار کیا ہے۔

جاپان کے نائب وزیرِ اعظم تارو آسو نے بھی بدھ کو پارلیمان میں اپنے خطاب میں کہا کہ اگر دیگر ممالک اپنے کھلاڑی جاپان نہیں بھیجیں گے تو 'سمر اولمپکس' کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

اُن کے بقول، وزیرِ اعظم کہہ چکے ہیں کہ اولمپکس کے مقابلے ایسے ماحول میں کرائے جائیں گے جہاں سب خود کو محفوظ کریں اور یہ جاپان تنہا نہیں کر سکتا اس کے لیے تمام ملکوں کو مل کر جاپان کا ساتھ دینا ہو گا۔

XS
SM
MD
LG