رسائی کے لنکس

جاوید ہاشمی تحریکِ انصاف کے صدر مقرر


جاوید ہاشمی نے گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان مسلم لیگ (نواز) کو خیر باد کہہ کر تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد انہیں پارٹی کا چیف آرگنائزر بنائے جانے کی اطلاعات گردش کر رہی تھیں۔

سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی کو پاکستان تحریکِ انصاف کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس تقرری کا اعلان تحریک کے چیئرمین عمران خان نے پیر کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

عمران خان کے بقول مسٹر ہاشمی کو صدر بنانے کا فیصلہ تحریکِ انصاف کی مرکزی مجلسِ عاملہ نے کیا ہے۔ لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا مجلس کے اراکین نے ہاشمی کو صدر منتخب کیا ہے یا انہیں اس عہدے پر نامزد کیا جارہا ہے۔ عمران خان ملک کی دیگر بڑی سیاسی جماعتوں کو جمہوری کلچر نہ اپنانے اور پارٹی عہدیداران کی تقرریاں انتخاب کے بجائے نامزدگی کے ذریعے کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے آئے ہیں۔

جاوید ہاشمی نے گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان مسلم لیگ (نواز) کو خیر باد کہہ کر تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد انہیں پارٹی کا چیف آرگنائزر بنائے جانے کی اطلاعات گردش کر رہی تھیں۔ تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ بطورِ صدر جاوید ہاشمی کے اختیارات اور فرائض کیا ہوں گے کیوں کہ تحریکِ انصاف کی ویب سائٹ پر دی گئی آئینی عہدیداروں کی فہرست میں صدر کا عہدہ سرے سے موجود ہی نہیں ہے۔

لیکن تحریکِ انصاف میں پارٹی آئین سے بالاتر عہدوں پر تعیناتی کا یہ پہلا موقع نہیں ہے۔ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریکِ انصاف میں شامل ہونے والے سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو پارٹی کے وائس چیئرمین کے عہدے پر مقرر کیا گیا تھا جس کا اس سے قبل کوئی وجود نہیں تھا۔

جیو ٹی وی کے پروگرام کیپیٹل ٹالک میں ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ نامزدگیاں اس وقت تک ہیں جب تک پارٹی میں انتخابات نہیں ہو جاتے۔ ان کا اصرار تھا کہ ان کی پارٹی میں نچلے درجے سے بلند ترین درجے تک ہر عہدے کے لیے انتخابات ہوں گے اور تمام عہدیداران پارٹی کے ممبران کے ووٹوں سے منتخب ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG