رسائی کے لنکس

ایک دن میں 13 ارب ڈالر کمانے والا آدمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایمیزون کے بانی اور معروف امریکی کاروباری شخصیت جیف جیزوس کی دولت میں پیر کو 13 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جو ایک دن میں سب سے زیادہ پیسہ کمانے کا نیا ریکارڈ ہے۔ ان کی مجموعی دولت 189 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

ایمیزون کے بانی دنیا کے سب سے امیر شخص ہیں۔ وہ تاریخ میں سب سے زیادہ دولت کے مالک ہونے کا ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ دولت مندی کے مزید کئی ریکارڈ ان کی نظر میں ہیں۔

دولت مندوں کی فہرست میں بل گیٹس کا نمبر دوسرا ہے۔ لیکن وہ جیف بیزوس سے 71 ارب ڈالر 'غریب' ہیں۔ جیف بیزوس نے صرف ایک دن میں جتنے پیسے کمائے، وہ ملکۂ برطانیہ کی کل دولت سے 30 گنا زیادہ ہیں۔

بیزوس کی دولت میں اضافے کی وجہ وہی ہے جس کے باعث پوری دنیا میں معیشت زوال پذیر ہے۔ یعنی کرونا وائرس جس کی وجہ سے کاروبار بند ہیں اور لوگ اشیا کی خریداری کے لیے ایمیزون کا رخ کررہے ہیں۔ موجودہ حالات میں دوسری کمپنیوں کے حصص گر رہے ہیں اور ایمیزون کے شیئرز کی قیمت بڑھتی جارہی ہے۔

اس سال کے آغاز کے مقابلے میں ایمیزون کے شیئرز کی قیمت 70 فی صد بڑھ چکی ہے۔ پیر کو اس کے حصص کے نرخ 8 فی صد بلند ہوکر 3197 ڈالر تک جا پہنچے۔ ایمیزون کے شیئرز 1997 میں مارکیٹ میں پیش کیے گئے تھے اور اس وقت کی قیمت کے حساب سے اب تک 199908 فی صد منافع دے چکے ہیں۔

بیزوس کے پاس ایمیزون کے صرف 11 فی صد شیئرز ہیں۔ جنوری سے اب تک بیزوس کی ذاتی دولت 74 فی صد بڑھی ہے۔ ان کے پاس اس قدر دولت جمع ہوچکی ہے کہ بینک اور کمپنیاں تو ان کا کیا مقابلہ کرتے، یورپی ملک ہنگری، یوکرین اور عرب ملک قطر کی جی ڈی پی بھی ان کی دولت سے کم ہے۔

جیف بیزوس اور بل گیٹس میں فرق یہ ہے کہ مائیکروسافٹ کے بانی اب تک 50 ارب ڈالر فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرچکے ہیں۔ گیٹس نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ کے لیے بھی اربوں ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔

جیف بیزوس معاشی مشکلات کے شکار امریکیوں کو خوراک فراہم کرنے کے لیے 10 کروڑ ڈالر دے چکے ہیں۔ انھوں نے ڈلیوری ڈرائیورز اور جزوقتی کام کرنے والوں کے لیے بھی ڈھائی کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ نقادوں کا کہنا ہے کہ یہ ان کی دولت کا فقط 0٫05 فی صد ہے۔

بیزوس دنیا کے پانچ امیر ترین افراد میں سے واحد شخص ہیں جنھوں نے 'گوِنگ پلیج' پر دستخط نہیں کیے۔ بل گیٹس اور وارن بوفے کے اس اقدام کا مقصد امیر لوگوں کو ترغیب دینا ہے کہ وہ کم از کم اپنی نصف دولت فلاحی کاموں کے لیے مختص کردیں۔

جیف بیزوس کی دولت مزید زیادہ ہوسکتی تھی۔ لیکن گزشتہ سال طلاق کی وجہ سے انھیں اپنی سابق بیوی کو 25 فی صد شیئرز دینے پڑے تھے۔ ایمیزون کے حصص کی قیمت میں اضافے سے ان کی سابق اہلیہ کو بھی فائدہ ہوا اور پیر کو ان کی دولت میں لگ بھگ ساڑھے چار ارب ڈالر بڑھ گئے۔ دنیا کے امرا میں اب ان کا نمبر 13 واں ہے۔

میکنزی نے 'گونگ پلیج' پر دستخط کیے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی تجوری خالی ہونے تک عطیات دیتی رہیں گی۔

XS
SM
MD
LG