رسائی کے لنکس

جوبائیڈن مشرق وسطی کےپانچ روز دورےپر اسرائیل پہنچ گئے


امریکی نائب صدر جوبائیڈن مشرق وسطیٰ کے تعطل کے شکار امن کے عمل کی بحالی کی کوششوں کے سلسلے میں پیر کے روز اسرائیل پہنچ گئے۔

وہ خطے میں اپنے پانچ روزہ دورے کے دوران اسرائیلی اور فلسطینوں ، دونوں کے راہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

ایک عرصے سے تعطل کا شکار امن کے عمل میں اتوار کے روز اس وقت ایک پیش رفت سامنے آئی جب فلسطینی راہنما اسرائیل کے ساتھ امریکہ کی ثالثی میں چار ماہ کے لیے ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لیے تیار ہوئے۔

لیکن فلسطینی پہلے ہی اسرائیل پر مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں۔ اسرائیل نے مغربی کنارے کے علاقے میں مزید گھروں کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے ، جس سے فلسطینیوں میں برہمی پیدا ہوگئی ہے ، جو اس مقبوضہ علاقے پر اپنی ملکیت کے دعویدار ہیں اور جو ایک روز قبل یہودی ریاست کے ساتھ بالواسطہ امن مذاکرات شروع کرنے پر تیار ہوگئے تھے۔

پیر کےر وز اسرائیلی حکومت نے کہا کہ اس نے بیتار الیت کی بستی میں 112 اپارٹمنٹس کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔

اسرائیل نے مغربی کنارے میں گذشتہ سال نومبر سے مکانات کی تعمیر کو 10 مہینوں کے لیے روکنے کا اعلان کیا تھا تاکہ امن کے عمل کی بحالی میں مدد مل سکے ۔ اس اعلان میں مشرقی یروشلم شامل نہیں تھا جس کا اسرائیل نے اپنے ساتھ الحاق کررکھاہے جسے بین الاقوامی کمیونٹی تسلیم نہیں کرتی۔

پیر کےروز اسرائیلی عہدے داروں نے کہا کہ وہ بیتار الیت میں حفاظتی وجوہات کی بنا پر استثنائی طورپر گھروں کی تعمیر کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG