رسائی کے لنکس

منڈیلا کے لیے یادگاری تقریب عالمی رہنماؤں اور ہزاروں افراد کی شرکت


یادگاری تقریب میں خیالات کا اظہار کرنے والوں میں امریکہ کے صدر براک اوباما، کیوبا کے صدر راؤل کاسترو، برازیل کی صدر ڈلما رؤسیف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون بھی شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کے لیے منعقدہ یادگاری تقریب جوہانسبرگ میں جاری ہے جہاں درجنوں عالمی رہنماؤں کے علاوہ ہزاروں افراد شریک ہیں۔

منگل کو سخت سردی اور بارش کے باوجود ہزاروں افراد اپنے عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کے نیشنل اسٹیڈیم میں جمع ہوئے۔

نسلی امتیاز کے خلاف علامت سمجھے جانے والے مسٹر منڈیلا گزشتہ ہفتے 95 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

جنوبی افریقہ کا کہنا ہے کہ اس تقریب میں 80 سے زائد سربراہان مملکت اور سربراہان حکومت، شاہی خاندانوں کے نمائندے اور اعلی حکومتی شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔

یادگاری تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے والوں میں امریکہ کے صدر براک اوباما، کیوبا کے صدر راؤل کاسترو، برازیل کی صدر ڈلما رؤسیف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون بھی شامل ہیں

یہ تقریب جوہانسبرگ کے مرکزی فٹبال اسٹیڈیم میں منعقد ہو رہی ہے جہاں 2010ء میں فٹبال کے عالمی کپ کا فائنل میچ کھیلا گیا تھا اور یہیں مسٹر منڈیلا نے افریقہ میں ہونے والے پہلے عالمی کپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی تھی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

صدر اوباما کے علاوہ امریکی وفد میں خاتون اول مشیل اوباما، سابق صدور جارج ڈبلیو بش، بل کلنٹن اور جمی کارٹر شامل ہیں۔

جارج ایچ ڈبلیو بش واحد بقید حیات سابق امریکی صدر ہیں جو اس تقریب میں شرکت نہیں کر رہے۔ ان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 89 سالہ بش طویل سفر کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

نیلسن منڈیلا کے لیے اس یادگاری تقریب میں پاکستان کے صدر ممون حسین بھی شریک ہیں۔

مسٹر منڈیلا کی تدفین 15 دسمبر کو ان کے آبائی علاقے کونو میں کی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG