رسائی کے لنکس

اردن: مکان میں آگ لگنے سے 13 پاکستانی ہلاک


محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق آتش زدگی کا واقعہ علی الصباح اس وقت پیش آیا جب گھر کے مکین سوئے ہوئے تھے۔ (فائل فوٹو)
محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق آتش زدگی کا واقعہ علی الصباح اس وقت پیش آیا جب گھر کے مکین سوئے ہوئے تھے۔ (فائل فوٹو)

اردن کے مغربی علاقے کرامہ کے ایک گھر میں آگ لگنے سے 13 پاکستانی ہلاک ہو گئے ہیں جن میں آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔

اردن کے محکمہ سول ڈیفنس کے حکام کے مطابق پیر کی علی الصباح آتش زدگی کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب گھر میں موجود تمام افراد سو رہے تھے۔

سول ڈیفنس کے ترجمان عیاد العامری کے مطابق حادثے میں تین افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جب کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ معلوم ہوتی ہے۔

آگ سے جھلسنے والے تین زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے اب تک ہلاک افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس کے ذرائع کے مطابق ٹین کی چادروں سے بنا متاثرہ گھر تارکین وطن مزدوروں کا تھا جس میں دو خاندان رہائش پذیر تھے۔

یاد رہے کہ اردن کا مغربی علاقہ سبزیوں اور پھلوں کی کاشت کے حوالے سے مشہور ہے اور یہاں بیرون ملک سے روزگار کی تلاش میں آنے والے افراد آباد ہیں۔

XS
SM
MD
LG