رسائی کے لنکس

’جوانی پھر نہیں آنی‘ سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم


ریلیز سے پہلے بھی سب پُرامید تھے کہ کامیڈی اور ہلے گلے سے بھرپور ’جوانی پھرنہیں آنی‘ 30 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہے گی اور فلم کی مقبولیت اورسینما گھروں میں اب بھی رش کو دیکھتے ہوئے یہ سنگ میل پا لینا بھی کچھ ناممکن نہیں

عید الاضحیٰ پر نمائش کے لئے پیش کی جانے والی پاکستانی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ نے فلم ’وار‘ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے، باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔

ندیم بیگ کی ڈائریکٹ کردہ اور واسع چوہدری کی تحریر کی ہوئی ’جوانی پھر نہیں آنی‘ پاکستان بھرکے80سینما گھروں میں ریلیز کی گئی تھی۔ فلم اب تک26 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہے جوکسی بھی پاکستانی فلم کی اب تک کی سب سے زیادہ کمائی ہے۔

اس سے قبل بلال لاشاری کی فلم ’وار‘ کی مجوعی آمدنی23 کروڑ 40 لاکھ روپے رہی تھی، جبکہ فلم کی نمائش کے دنوں میں اضافہ بھی کیا گیا تھا۔

فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے ڈسٹری بیوٹر اے آر وائی فلمز کے نمائندے نے ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’جوانی پھر نہیں آنی‘، ’فاسٹ اینڈ فیورس7‘ اور ’وار‘ کا ریکارڈ توڑ کر باضابطہ طور پر پاکستان کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے۔

’جوانی پھر نہیں آنی‘ نے ریلیز کے ابتدائی تین دنوں میں74 اعشاریہ پانچ ملین کا بزنس کرکے فلمی پنڈتوں اورڈسٹری بیوٹرز کو خوشگوارسرپرائز دیا تھا۔ریلیز سے پہلے بھی سب پر امید تھے کہ کامیڈی اورہلے گلے سے بھرپور ’جوانی پھر نہیں آنی‘ 30 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہے گی اورفلم کی مقبولیت اورسینما گھروں میں اب بھی رش کودیکھتے ہوئے یہ سنگ میل پا لینا بھی کچھ ناممکن نہیں۔

دیگرفلموں کے برعکس، ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے مدمقابل کوئی ایسی فلم نہیں تھی جواسے باکس آفس پرٹف تائم دے سکے۔اور اس بات کا فائدہ بھی ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کو پہنچا۔

ماہرہ خان اسٹارر ’ہومن جہاں‘ محرم کے بعد ریلیز کی جائے گی اوریہی ایک فلم ایسی تھی جو انٹرنیشنل ریلیزز کی غیر موجودگی میں’ جوانی پھر نہیں آنی‘ کے لئے باکس آفس پر مشکلات پیدا کر سکتی تھی۔

XS
SM
MD
LG