وزیر اعظم نواز شریف کے امور خارجہ کے مشیر، سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان میں عشروں تک عدم استحکام سے متعلق تحفظات درست نہیں ہیں۔
وہ صدر براک اوباما کے ’اسٹیٹ آف دی یونین‘ خطاب میں دیے گئے اُس حوالے کا جواب دے رہے تھے جس میں صدر اوباما نے دنیا کے کچھ خطوں میں آنے والے کئی عشروں میں عدم استحکام رہنے کے امکان کا تذکرہ کیا تھا، اور اِن مین پاکستان کا نام بھی شامل تھا۔
سرتاج عزیز نے یہ بات منگل کو اردو سروس کے پروگرام ’جہاں رنگ‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہی۔
مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو شکست دی ہے اور گذشتہ برس کے دوران دہشت گرد حملوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ خطے مین بدامنی اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے فوجی کارروائی، ’ضربِ عضب‘ کامیاب رہی ہے۔ ادھر سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں بھی پاکستان کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔ اِس لیے، وہ سمجھتے ہیں کہ صدر اوباما کا یہ بیان ایک چیلنج کی طرح ہے اور اِسے سامنے رکھتے ہوئے، پاکستان اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا اور پاکستان میں امن و امان اور استحکام رہے گا۔
سرتاج عزیز نے یہ بھی کہا کہ وہ یہ توقع کرتے ہیں کہ صدر براک اوباما اپنے تھنک ٹینکس کو یہ ہدایت کریں گے کہ وہ پاکستان اور افغانستان اور خطے میں امریکی پالیسیوں کا از سرِ نو جائزہ لیں کہ وہ کس حد تک مؤثر ہیں۔
تفصیل کے لیے وڈیو رپورٹ پر کلک کیجئیے: