رسائی کے لنکس

اسرائیل سے جوڈو کھیلنے سے انکار: ایران پر پابندی عائد


ایرانی کھلاڑی سعید مولائی
ایرانی کھلاڑی سعید مولائی

انٹر نیشنل جوڈو فیڈریشن (آئی جے ایف) نے اسرائیلی کھلاڑیوں سے جوڈو کھیلنے سے اپنے کھلاڑیوں کو منع کرنے پر ایران پر پابندی عائد کردی ہے۔

آئی جے ایف نے پیر کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فیڈریشن نے گزشتہ ماہ ایران پر عارضی پابندی لگائی تھی تاکہ وہ اس دوران اس رپورٹ کی تحقیقات کرسکے جس میں کہا گیا تھا کہ ایران نے اپنے کھلاڑیوں کو کسی بھی اسرائیلی کھلاڑی کا سامنا کرنے کے بجائے عالمی چیمپئن شپ میں ہارنے کو ترجیح دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

آئی جے ایف کے مطابق ایران نے اپنے کھلاڑیوں پر اسرائیل کا مقابلہ نہ کرنے کی ہدایات رواں سال اگست میں ہونے والے 'عالمی جوڈو چیمپئن شپ ٹوکیو 2019' کے دوران جاری کی تھیں۔

اس رپورٹ کے سامنے آنے بعد آئی جے ایف نے ایران کی جوڈو فیڈریشن کو تمام مقابلوں سے حتمی طور پر معطل کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔

ایران پر یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ایران کی جوڈو فیڈریشن اس بات کی ضمانت نہیں دے دیتی کہ وہ آئی جے ایف کے قوانین کا احترام کرتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں کو اسرائیلی کھلاڑیوں سے مقابلہ کرنے سے نہیں روکے گی۔

جوڈو ایران میں کھیلا جانے والا مقبول ترین کھیل ہے اور اس پر پابندی سے ایرانی کھلاڑیوں کی آئندہ برس ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔

رواں سال اگست میں منعقدہ ٹوکیو ورلڈ چیمپیئن شپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے ایرانی فائٹر سعید مولائی کا کہنا ہے کہ اُنہیں سیمی فائنل میچ کھیلنے سے انکار کرنے پر زور دیا جارہا تھا محض اس بنیاد پر کہ سیمی فائنل جیتنے کی صورت میں اُنہیں فائنل میں اسرائیلی کھلاڑی سے مقابلہ کرنا پڑسکتا تھا۔

ستائیس سالہ ایرانی فائٹر سیمی فائنل میں ہار گیا تھا اور اس کے بعد اس کی تیسری پوزیشن بھی برقرار نہ رہ سکی تھی۔

سعید مولائی نے دعویٰ کیا ہے کہ اُنہیں ایران جوڈو فیڈریشن اور ایران اولمپک کمیٹی کے صدور نے مقابلے سے دستبردار ہونے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم ایرانی فیڈریشن نے سعید مولائی کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

ایرانی جوڈو فیڈریشن نے چیمپئن شپ سے دستبرداری کے لیے سعید مولائی پر دباؤ ڈالنے سے متعلق خبروں کی بھی تردید کی ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ تہران اس معاملے میں ثالثی کی غرض سے سوئٹزر لینڈ میں واقع کھیلوں کے معاملات نمٹانے والی عدالت میں اس پابندی کے خلاف اپیل دائر کرے گا۔

تاہم آئی جے ایف کے انضباطی کمیشن نے اس معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کے اقدامات آئی جے ایف کے قانون، اس کے جائز مفادات، اصولوں اور مقاصد کی سنگین اور سراسر خلاف ورزی ہے۔

ادھر اسرائیلی جوڈو ایسوسی ایشن اور اس کے سربراہ موشے پونٹے نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا "کھیل کا مقصد لوگوں کو جوڑنا ہے، علیحدہ کرنا نہیں۔"

XS
SM
MD
LG