رسائی کے لنکس

پشاور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس مسرت ہلالی کون ہیں؟


پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی سب سے بڑی عدالت پشاور ہائی کورٹ کی سینئر جج مسرت ہلالی یکم اپریل سے اسی عدالت میں چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گی۔وہ رواں برس سات اگست تک اس عہدے پر فائز رہیں گی۔

جسٹس مسرت ہلالی پشاور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے والی پہلی خاتون چیف جسٹس ہوں گی۔ ماضی میں جسٹس خالدہ راشد اور جسٹس ارشاد قیصر پشاور ہائی کورٹ کی جج رہ چکی تھیں لیکن وہ چیف جسٹس کے عہدے تک نہیں پہنچ سکیں تھیں۔

جسٹس مسرت ہلالی کے آباؤ اجداد کا تعلق مالاکنڈ ضلع کے علاقے پلئی سے ہے تاہم ان کا خاندان کئی دہائیوں سے پشاور میں مقیم ہے۔

آٹھ اگست 1961 کو پشاور کے ایک متوسط سیاسی گھرانے میں جنم لینے والی جسٹس مسرت ہلالی نے 1983 میں پشاور یونیورسٹی کے خیبر لا کالج سے وکالت کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے پشاور بار ایسوسی ایشن سے وکیل کی حیثیت سے کام شروع کیا ۔ وہ 1988 میں پشاور ہائی کورٹ اور 2006 میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی وکیل بنیں۔

جسٹس مسرت ہلالی 1988 میں پشاور بار ایسوسی ایشن کی پہلی سیکریٹری منتخب ہوئیں بعد ازاں 1992 میں وہ دو بار پشاور بار ایسوسی ایشن کی نائب صدر اور 1997 میں پشاور بار ایسوسی ایشن کی سیکریٹری جنرل منتخب ہوئیں۔

جسٹس مسرت ہلالی نے 2001 میں پاکستان کی پہلی خاتون ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا اور وہ اس عہدے پر 2004 تک فائز رہیں۔

بعدازاں وہ خیبر پختونخوا کے ماحولیاتی تحفظ کے خصوصی ٹربیونل کی سربراہ بنیں۔ انہیں پشاور ہائی کورٹ کا جج بننے سے قبل پہلی خاتون محتسب تعینات کیا گیا تھا۔

وہ 26 مارچ 2013 کو پشاور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج کی حیثیت سے شامل کی گئی تھیں اور ایک برس بعد انہیں پشاور ہائی کورٹ کا مستقل جج بنا دیا گیا تھا۔

بار اور بینچ کے علاوہ جسٹس مسرت ہلالی انسانی حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کی مختلف غیر سرکاری تنظیموں میں بھی کافی سرگرم رہی ہیں۔

پشاور کے سینئر وکیل سلیم شاہ ایڈووکیٹ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جسٹس مسرت ہلالی کی بحیثیت پشاور ہائی کورٹ چیف جسٹس تعیناتی نہ صرف وکلا برادری بلکہ خیبرپختونخوا کے تمام افراد کے لیے باعثِ فخر ہے۔

خیبر پختونخوا کے سابق ایڈووکیٹ جنرل شمائل بٹ نے بھی اسے ایک مثبت قدم قرار دیا جب کہ ایک اور سینئر وکیل سرور مظفر شاہ کا کہنا ہے کہ جسٹس مسرت ہلالی کی چیف جسٹس بننے سے نوجوان خواتین وکلا کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔

خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس قیصر رشید 31 مارچ کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG