رسائی کے لنکس

اعلی سطحی پاکستانی پارلیمانی وفد کابل پہنچ گیا


پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق ۔ فائل فوٹو
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق ۔ فائل فوٹو

پاکستانی وفد کا استقبال افغان ولسی جرگہ کے اسپیکر عبدالرؤف ابراہیمی اورافغان سینیٹ کے چیئر مین فضل حامدی مسلم یار  نے کیا۔

پاکستان کے قانون سازوں کا ایک اعلی سطحی وفد قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار یاز صادق کی قیادت میں ہفتے کے روز دو روزہ دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچا۔

پاکستانی وفد کا استقبال افغان ولسی جرگہ کے اسپیکر عبدالرؤف ابراہیمی اورافغان سینیٹ کے چیئر مین فضل حامدی مسلم یار نے کیا۔

اسپیکر ایاز صادق نےکہا کہ اس نوعیت کے اعلی سطحی اور بڑے پیمانے کے نمائندہ وفدکی اس سے پہلے کوئی مثال موجود نہیں ہے اور اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے افغانستان میں امن کے قیام اور استحکام کےلیے پاکستان کے عزم کو دوہراتے ہوئے دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان تعمیری رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ اور لوگوں کے رابطےبڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نےسینیٹ کے چیئرمین کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے سردار داؤد خان ہاسپیٹل اور مزار شریف فوجی مرکز پر حالیہ دہشت گرد حملوں میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

ولسی جرگہ کے اسپیکر عبدالرؤف ابراہیمی اور چیئر مین مشرانو جرگہ فضل حادی مسلم یار نے پاکستان کی جانب سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی تین عشروں سے زیادہ عرصے تک میزبانی کو سراہا۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور دو طرفہ رابطے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں ملکوں کے قانون سازوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

XS
SM
MD
LG