رسائی کے لنکس

موجد ’کلاشنکوف‘ کی تباہ کاری پر فکرمند تھے: رُوسی اخبار


میخائیل کلاشنکوف، ’کلاشنکوف رائفل‘ کے موجد اپنی ایجاد کے ساتھ ۔ فائل فوٹو
میخائیل کلاشنکوف، ’کلاشنکوف رائفل‘ کے موجد اپنی ایجاد کے ساتھ ۔ فائل فوٹو

میخائیل کلاشنکوف اپنے خط میں لکھتے ہیں، ’میں تکلیف میں ہوں۔ میں اپنے آپ سے ایک اُلجھا ہوا سوال پوچھتا رہتا ہوں۔ اگر میری بنائی گئی رائفل سے لوگوں کی زندگیاں چھینی جاتی ہوں، تو کیا ان کی اموات کی ذمہ داری مجھ پر عائد ہوتی ہے؟‘

مشہور ِزمانہAK-47 رائفل کے بانی میخائیل کلاشنکوف اپنی موت سے قبل اپنے ایجاد کردہ ہتھیار سے پھیلی جانے والی تباہی اور اموات کے حوالے سے فکرمند تھے۔

میخائل کلاشنکوف نے، جنہوں نے اے کے 47 کا ڈیزائن تیار کیا تھا، روسی آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ پیٹریارک کیرل کو اپنی موت سے چھ ماہ قبل ایک خط میں اس حوالے سے اپنی فکرمندی کا اظہار کیا تھا۔

میخائیل کلاشنکوف، گذشتہ برس دسمبر میں 94
برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

میخائیل کاشنکوف کے اس خط کو ایک روسی روزنامے ’ازویستیا‘ میں شائع کیا گیا ہے۔

میخائیل کلاشنکوف اپنے خط میں لکھتے ہیں، ’میں تکلیف میں ہوں۔ میں اپنے آپ سے ایک الجھا ہوا سوال پوچھتا رہتا ہوں۔ اگر میری بنائی گئی رائفل سے لوگوں کی زندگیاں چھینی جاتی ہوں، تو کیا ان کی اموات کی ذمہ داری مجھ پر عائد ہوتی ہے؟ چاہے وہ دشمن ہی ہوں؟‘


اخبار کہتا ہے کہ چرچ کے سربراہ نے انہیں جوابی خط میں لکھا تھا کہ جب بھی کلاشنکوف رائفل کو وطن کی حفاظت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تو چرچ نہ صرف اس ہتھیار کے موجد بلکہ ان فوجیوں کو بھی خراج ادا کرتا ہے جو اس ہتھیار سے وطن کی حفاظت کرتے ہیں۔

میخائیل کلاشنکوف نے رائفل 1947ء میں اس وقت ایجاد کی تھی جب ان کی عمر محض 20 برس تھی۔

کلاشنکوف رائفل کو گوریلا لڑائیوں میں استعمال کیا جاتا ہے اس کے ساتھ ساتھ دہشت گرد اور مختلف ممالک کی فوجیں بھی بڑے پیمانے پر اس رائفل کو استعمال کرتی ہیں۔

میخائیل کلاشنکوف کو کئی روسی رہنماؤں کی جانب سے اس ایجاد پر تعریف کا مستحق قرار دیا گیا۔ میخائیل کلاشنکوف کو رائفل بنانے پر ’ہیرو آف رشیا ایوارڈ‘ سے بھی نوازا گیا۔
XS
SM
MD
LG