رسائی کے لنکس

’کھویا ہوا آدمی‘ کمال احمد رضوی کو یاد کرنے کا خوبصورت بہانہ


’کھویا ہوا آدمی‘ کمال احمد رضوی کے پسندیدہ ڈراموں میں سے ایک تھا، جو اس سے قبل بھی اسٹیج اور ٹی وی پر متعدد مرتبہ پیش کیا جا چکا ہے۔ ٹی وی کے پیش کئے گئے کھیل میں کمال احمد رضوی نے خود بھی اداکاری کی تھی

’نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ‘ (ناپا) کی جانب سے معروف اداکار اور رائٹر کمال احمد رضوی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کا لکھا ہوا ڈرامہ ’کھویا ہوا آدمی‘ 4 مارچ سے اسٹیج کیا جائے گا۔

’کھویا ہوا آدمی‘ کو اسٹیج کے لئے ڈائریکٹ کریں گے اداکار اور ڈائریکٹر خالد احمد۔

خالد ناپا کی فیکلٹی کے رکن بھی ہیں۔ انہوں نے ’وائس آف امریکہ‘ اور مقامی میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ، ’کھویا ہوا آدمی‘، کمال احمد رضوی کے پسندیدہ ڈراموں میں سے ایک تھا جو اس سے قبل بھی اسٹیج اور ٹی وی پر متعدد مرتبہ پیش کیا جا چکا ہے۔ ٹی وی کے پیش کئے گئے کھیل میں کمال احمد رضوی نے خود بھی اداکاری کی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’اس بار اسٹیج ہونے والے کھیل کی کاسٹ ناپا کے دوسرے بیج کے طالب علموں پر مشتمل ہے جو اداکاری کے میدان میں اپنے فن کا عمدگی سے مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ڈرامہ سنجیدہ ہے، لیکن اس میں کہیں کہیں مزاح کا تڑکا بھی ہے۔“

کہانی
’کھویا ہوا آدمی‘ کی کہانی کراچی میں رہنے والے ایک درمیانی عمر کے شادی شدہ اور خوشحال جوڑے دانش اور بانو کے گرد گھومتی ہے جو کلفٹن میں رہتے ہیں۔ ان کی زندگی شہر میں آئے دن ہونے والے واقعات سے بار بار متاثر ہوتی رہی ہے۔ دانش جس کمپنی میں 22سال سے ملازمت کرتا ہے وہ نقصان کے سبب بند ہو جاتی ہے۔ مشکلات کا سامنا کرتے کرتے دانش کا نروس بریک ڈاؤن ہو جاتا ہے۔

اس دوران ان کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہو جاتا ہے جب بانو کی نوکری بھی چلی جاتی ہے۔ ایسے میں دانش کا بزنس مین بھائی اور بہنیں اس کی مدد کو آتے ہیں۔ لیکن، دانش اپنی ذہنی اور مالی مصیبتوں سے نکلنے کا راستہ خود ڈھونڈ لیتا ہے۔

اگرچہ، اس کی کہانی 80 کی دہائی کے آس پاس کی ہے۔ لیکن، شہر کے خستہ حال انفرااسٹرکچر، لوگوں کے درمیان بڑھتی نفرت اور تعلقات میں دوری کی مثالوں کے ساتھ اس کا بہت زیادہ اطلاق عصر حاضر پر بھی ہوتا ہے۔

’کھویا ہوا آدمی‘ میں دانش کا کردار ادا کرنے والے فواد خان کا کہنا تھا کہ ”میں کمال احمد رضوی جیسا تو پرفارم نہیں کرسکتا، لیکن ڈائریکٹر کی مدد سے اپنے کردار سے بھرپور انصاف کرنے کی کوشش ضرور کروں گا۔“

بانو کے روپ میں پرفارم کرنے والی ایمن طارق نے اسے ایک جذباتی تجربہ قرار دیا۔ ڈرامے کی کاسٹ میں اویس منگل والا، زرقہ ناز، آسیہ عالم اور شمائلہ تاج بھی شامل ہیں۔

ڈرامہ پاکستان کے نجی چینل’جیو‘ اور روزنامہ ’جنگ‘ کے تعاون سے 4 مارچ سے 13 مارچ تک ناپا میں پیش کیا جائے گا۔

ناپا رپورٹری تھیٹر کے آرٹسٹک ڈائریکٹر زین احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ” 20 مارچ سے ناپا کے سالانہ انٹرنیشنل تھیڑ اینڈ میوزک فیسٹیول کا بھی آغاز ہو رہا ہے جو 15 دن جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں سا ت ملکوں سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ اور موسیقار شرکت کریں گے۔“

XS
SM
MD
LG