رسائی کے لنکس

اسٹاف کا کرونا ٹیسٹ مثبت، کاملا ہیرس کی انتخابی مصروفیات معطل


ڈیموکریٹک پارٹی کی نائب صدر کی امیدوار کاملا ہیرس

ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نائب صدارت کی امیدوار کاملا ہیرس نے اپنے اسٹاف کے دو ارکان کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اگلے پیر تک انتخابی مہم میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدارتی امیدوار جو بائیڈن کی انتخابی مہم نے جمعرات کو بتایا ہے کہ بائیڈن کا کسی بھی ایسے فرد سے سامنا نہیں ہوا جب کہ آٹھ اکتوبر کو بائیڈن اور ہیرس ریاست ایریزونا میں انتخابی مہم کے دوران کئی گھنٹے اکٹھے شریک رہے۔

شیڈول کے مطابق کاملا ہیرس کو جمعرات کو شمالی کیرولائنا جانا تھا، جہاں ووٹروں سے ایک ملاقات میں انہوں نے الیکشن کے دن سے پہلے ووٹ ڈالنے پر بات کرنا تھی۔

ہیرس کی انتخابی مہم نے صحافیوں کو جمعرات کو بتایا کہ ان کے کمیونیکیشنز کے ڈائریکٹر اور جہاز کے عملے کے ایک رکن کے ایک حالیہ دورے کے بعد کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ کے مطابق مہم کی مینیجر جین اومیلی ڈیلین نے کہا ہے کہ ان دونوں افراد کا جو بائیڈن، کاملا ہیرس اور اسٹاف کے کسی دوسرے رکن سے کووڈ-19 ٹیسٹ کیے جانے سے 48 گھنٹے قبل یا اس کے بعد کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا۔

کاملا ہیرس انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک جلسے سے خطاب کر رہی ہیں۔
کاملا ہیرس انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک جلسے سے خطاب کر رہی ہیں۔

لیکن انتخابی مہم کی مینیجر کا کہنا تھا کہ احتیاط کے طور پر کاملا ہیرس آئندہ چند روز تک الیکشن کے سلسلے میں سفر نہیں کریں گی۔

یاد رہے کہ ہیرس اور بائیڈن نے حالیہ دنوں میں کئی جگہوں پر انتخابی مہم میں کئی گھنٹے اکٹھے گzارے ہیں۔ انہوں نے ملاقاتوں میں حصہ لیا اور ایک ایئر پورٹ پر پریس کانفرنس میں بھی ایک ساتھ سامنے آئے۔

لیکن ان تمام عوامی اور پرائیوٹ مواقع پر دونوں نے چہروں پر ماسک پہن رکھے تھے اور اس دوران کیے گئے دونوں کے کئی کرونا ٹیسٹ منفی آ چکے ہیں۔

ہیرس کا آخری کرونا ٹیسٹ بدھ کو ہوا تھا جب کہ بائیڈن کا آخری ٹیسٹ منگل کے روز گیا گیا تھا۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG