رسائی کے لنکس

کراچی : ایم کیو ایم کے انتخابی کیمپ کے قریب دھماکا، دو افراد ہلاک


ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین نے کارکنوں کو فوری طور پر شہر بھر میں تمام انتخابی کیمپ اور دفاتر بند کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

کراچی کے علاقے پیپلز چورنگی پر دھماکے کے نتیجے میں 2افراد ہلاک اور 15سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکا منگل کی رات متحدہ قومی موومنٹ کے انتخابی کیمپ کے قریب ہوا۔

دھماکے پر اپنے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین نے کارکنوں کو فوری طور پر شہر بھر میں تمام انتخابی کیمپ اور دفاتر بند کرنے کی ہدایات جاری کردیں جبکہ بدھ کو سندھ بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایک مشکوک شخص نے کیمپ کے قریب موجود گنے کی مشین سے متصل موٹر سائیکل کھڑی کی تھی جو کچھ ہی دیر بعد دھماکے سے اڑگئی۔

دھماکے سے 2افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 18لوگوں کو زخم آئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیاگیا۔ایم کیوایم کے رہنما رضاہارون نے تصدیق کی ہے کہ مرنے والے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن تھے۔

دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی توٹ گئے۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں عوام گھر سے نکل کر کس طرح ووٹ دینے جاسکتی ہے۔انہوں نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سینیٹر شاہی سید نے بھی ایم کیو ایم کے کیمپ کے قریب دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں ہوا اس کا خاتمہ ضروری ہے ۔

دھماکے کے فوری بعد متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین نے دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور دہشت گردوں کے حملے کے پیش نظر ایم کیو ایم کے تمام انتخابی دفاتر کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے اس ماحول میں پرامن انتخابات کا انعقاد کس طرح ممکن ہوسکتا ہے ؟ان حالات میں کون ذی شعور فرد ووٹ دینے کیلئے گھر سے باہر نکلنے کی ہمت کرسکتا ہے؟

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے بدھ کے روز پر امن یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز سے بدھ کو تمام کاروباری مراکز بند رکھنے اور ٹرانسپورٹ نہ چلانے کی اپیل کی گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG