رسائی کے لنکس

کراچی دھماکے: ہلاکتوں میں اضافہ ، فضاسوگوار


کراچی دھماکے: ہلاکتوں میں اضافہ ، فضاسوگوار
کراچی دھماکے: ہلاکتوں میں اضافہ ، فضاسوگوار

کراچی میں جمعرات کی شام ہونے والے دو خودکش بم دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد نو ہوگئی ہے جب کہ دو درجن سے زائد زخمی اب بھی شہر کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

اس واقعے کے بعد جمعہ کو شہر میں فضا سوگوار ہے۔ مختلف سیاسی اور مذہبی تنظیموں کی طرف سے سوگ کے اعلان کے بعد بعض علاقوں میں کاروباری مراکز جزوی طور پر بند ہیں جب کہ سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔ جمعے کے روز شہر بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رہے تاہم ان میں حاضری کم رہی۔ واقعے کے بعد مختلف علاقوں میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے اور ان علاقوں میں تاحال کشیدگی پائی جاتی ہے۔ کسی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے بڑی تعداد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں۔

کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقعے صوفی بزرگ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر جمعرات کی شام یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے ہوئے تھے جس کے بارے میں حکام کا کہنا تھا کہ یہ خودکش حملہ آوروں نے کیے۔ جمعہ کو تحقیقاتی ٹیم کے اہلکاروں نے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام جاری رکھا۔ دھماکے کے بعد مزار کو زائرین کے لیے بند کر دیا گیا تھا جسے تاحال نہیں کھولا گیا ہے جب کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں واقع دیگر مزارات کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق رواں سال ملک بھر میں 335 بم دھماکے ہو چکے ہیں جس میں 1200سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

جولائی میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مشہور صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر بھی دو خودکش بم حملے کیے گئے تھے جس میں چالیس سے زائد افراد ہلاک اور 180 زخمی ہوئے۔

XS
SM
MD
LG