رسائی کے لنکس

امریکی اعانت سے پاکستانی صحافیوں کی تربیت کے لیے ادارے کا قیام


امریکی سفیر ہیل اور ڈاکٹر عشرت سینٹر کا افتتاح کر رہے ہیں۔
امریکی سفیر ہیل اور ڈاکٹر عشرت سینٹر کا افتتاح کر رہے ہیں۔

سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ ’سینٹر فار ایکسیلنس‘ پاکستانی صحافیوں کو اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا موقع فراہم کرے گا تاکہ وہ بھی پاکستانی معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل اور کراچی میں قائم انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن ’آئی بی اے‘ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عشرت حسین نے پاکستانی صحافیوں کی تربیت کے لیے امریکی حکومت کے مالی تعاون سے تعمیر کیے جانے والے ’سینٹر فار ایکسیلنس‘ ان جرنلزم کا افتتاح کیا۔

چالیس لاکھ ڈالر کی لاگت سے صحافیوں کے لیے یہ مرکز ’انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن یعنی ’آئی بی اے‘ میں قائم کیا گیا، جو کہ ملک میں اس نوعیت کا پہلا ادارہ ہے۔

امریکی قونصل خانے کے ایک بیان کے مطابق جمعہ ہونے والی افتتاحی تقریب میں امریکی سفیر کے علاوہ، کراچی میں امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ، ’سینٹر فار ایکسیلنس‘ بورڈ کے چیئرپرسن کمال صدیقی، ’سینٹر فار ایکسیلنس‘ کی قائم مقام ڈائریکٹر کرسٹی ماری لاڈر، انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹ کے نائب صدر پیٹرک بٹلر،نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی میڈل اسکول آف جرنلزم کے پروفیسر کریگ ڈف اور امریکی محکمہ خارجہ کے مشیر لیری پنٹیک نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ آزاد صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ ’سینٹر فار ایکسیلنس‘ پاکستانی صحافیوں کو اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا موقع فراہم کرے گا تاکہ وہ بھی پاکستانی معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

بیان کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ’آئی بی اے‘ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عشرت حسین نےکہا کہ اُن کا ادارہ ہمیشہ تعلیم کے شعبےمیں جدت متعارف کراتا رہا ہے اور انھیں فخر ہے کہ ’سینٹر فار ایکسیلنس‘ کی شکل میں اعلیٰ معیارکے ایک اور ادارے کا اضافہ ہوا ہے۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ پاکستان کے بہترین صحافیوں کو اپنی جانب متوجہ کرے گا اور ایک اعلیٰ معیار کا ادارہ بن کر ابھرے گا۔

سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنلزم میں پاکستانی صحافیوں کی پیشہ ورآنہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے انھیں جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔اس ادارے کی تشکیل اور انتظام کے لیے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریش، انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹ اور نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی میڈل اسکول آف جرنلزم مشترکہ تعاون فراہم کر رہے ہیں۔

’آئی بی اے‘ سٹی کیمپس، گارڈن میں قائم ہونے والے اس ادارے کےجدید ٹی وی اسٹوڈیو اور نیوز روم میں اخباری صنعت اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو معیاری عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

ادارے کے زیر اہتمام تربیتی کورسز میں امریکا اور پاکستان کے نامور میڈیا ماہرین پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو تربیت فراہم کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ’سینٹر فار ایکسیلنس‘ میں مذاکروں اور سیمینارز کا بھی باقاعدہ انعقاد کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG