رسائی کے لنکس

کراچی : دستی بم کا خوف،’لڈو‘ سے دہشت پھیل گئی


سول اسپتال کراچی
سول اسپتال کراچی

عینی شاہدین کے مطابق اس دوڑ میں شامل ایک مریض ایسا بھی تھا جس کی حالت انتہائی غیر تھی، لیکن موت کے خوف نے اسے نئی زندگی دے دی اور وہ ڈرپ سمیت بھاگ کھڑا ہوا

کراچی کے سول اسپتال میں بم کی افواہ سے پر ڈاکٹرز اور تیمارداروں کے ساتھ ساتھ بسترِ مرگ پر موجود مریضوں کی بھی دوڑیں لگ گئیں۔دستی بم سمجھی جانے والی چیز دراصل’ لڈو‘ نکلا۔

سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق اتوار کومعمول کےمطابق کام جاری تھا کہ گارڈن سے ایک زخمی کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا۔ وہ شخص فائرنگ سے زخمی ہواتھا ۔ ابتدائی معائنے کے دوران ڈاکٹرز کو اس کے جسم پر گول گول سی کوئی چیز بندھی نظر آئی جس پرخواتین اور مرد ڈاکٹرز نے سمجھا کہ شاید کوئی دستی بم ہے جس پر انہوں نے ’بم ، بم‘ چلانا شروع کر دیا۔

شور سنتے ہی اسپتال میں ہر طرف بھگدڑ مچ گئی۔ ڈاکٹرز، تیماردار اور مریضوں نے بغیر کچھ دیکھے اور سمجھے دوڑ لگا دی۔ عینی شاہدین کے مطابق اس دوڑ میں شامل ایک مریض ایسا بھی تھا جس کی حالت انتہائی غیر تھی، لیکن موت کے خوف نے اسے نئی زندگی دے دی اور وہ ڈرپ سمیت بھاگ کھڑا ہوا۔

دیکھتے ہی دیکھتے، اسپتال کا ایمرجنسی وارڈ خالی ہو گیا ۔سوائے زخمی مشکوک شخص کے وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نےموقع پر پہنچ کر پتہ چلایا کہ زخمی شخص کے جسم پر دہی سے بننے والی لڈو نماکوئی چیز بندھی ہے جسے کھایا جاتا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریض کے ہوش میں آنے کے بعد ہی یہ معلوم ہوسکے گا کہ زخمی شخص کون ہے اور اس نے کھانے کی چیز جسم پر کیوں باندھ رکھی تھی۔
XS
SM
MD
LG