رسائی کے لنکس

کراچی: پہلی کرکٹ اکیڈمی کا افتتاح


کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کے احاطے میں ’پی سی بی کرکٹ اکیڈمی‘ کا افتتاح کھیل کے شیدائی نوجوانوں اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لئے کسی خوشخبری سے کم نہیں

کھیلوں کے میدان اور اسپورٹس کی دیگر سہولتوں سے محروم پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی اکیڈمی کا افتتاح کرکٹ کے نوجوان اور ابھرتے کھلاڑیوں کے لئے یقیناً بڑی خوشخبری ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کے احاطے میں ’پی سی بی کرکٹ اکیڈمی‘ کا افتتاح کھیل کے شیدائی نوجوانوں اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لئے کسی خوشخبری سے کم نہیں۔

اکیڈمی کا نام ’حنیف محمد ہائی پرفارمنس اسپورٹس سینٹر‘ ہے اور اس کا افتتاح بورڈ کے چیئرمین شہریارخان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے گزشتہ ہفتے کیا۔

اکیڈمی کی عمارت کا بیرونی منظر
اکیڈمی کی عمارت کا بیرونی منظر

شہریار خان کا کہنا تھا کہ ’’سب سے بڑے شہر میں کرکٹ اکیڈمی بنانے کا ان کا خواب سچ ہوگیا۔ اکیڈمی کے رہائشی کمرے، جم، میڈیا سینٹر اور دیگر سہولیات کراچی جیسے بڑے شہر کے شایانِ شان ہیں۔‘‘

ملک کی یہ تیسری بڑی کرکٹ اکیڈمی ہے۔ اس سے قبل لاہور اور ملتان میں ایسی اکیڈمیز کام کر رہی ہیں۔ لیکن، کراچی کی یہ پہلی اکیڈمی ہے۔

شہریار خان نے میڈیا نمائندوں سے انٹرویو میں بتایا ’’اکیڈمی میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو رہائش فراہم کی جائے گی۔ یہ بات اس لئے اہم ہے کہ سال 2017ء میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔‘‘

کراچی اکیڈمی کے بعد بھاولپور، پشاور اور راولپنڈی میں بھی آئندہ سال ’ہائی پرفارمنس سینٹرز‘ قائم کئے جائیں گے۔

شہریار خان نے انکشاف کیا کہ موبائل اکیڈمیز کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے اور پہلی موبائل اکیڈمی کا آغاز ننکانہ صاحب سے کیا جائے گا۔

موبائل اکیڈمی کی تجویز نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ڈائرکٹر مدثر نذر نے پیش کی تھی۔

XS
SM
MD
LG