رسائی کے لنکس

کراچی میں بدامنی جاری، بموں کی برآمدگی


سی آئی ڈی پولیس نے کالعدم تنظیم کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد ، دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔


کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ، لاشیں اور ناجائز اسلحے کی برآمدگی کے بعد اب دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہونے لگے ہیں۔منگل کو سینٹرل انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ نے ایک کارروائی کے دوران منگھوپیر کے علاقے سے گیارہ دیسی ساختہ بم برآمد کئے جو ایک مشکوک بیگ میں رکھے گئے تھے۔

اس سے قبل رمضان میں حیدری کے علاقے سے بھی ایک بم ملاتھا جسے بروقت ناکارہ بنادیاگیا ورنہ علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیل سکتی تھی۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کو بھی فائرنگ اور پرتشدد واقعات ہوئے جن میں ایکسائز پولیس اہلکار سمیت چار افرادلقمہ اجل بن گئے۔ادھر سی آئی ڈی پولیس نے کالعدم تنظیم کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد ، دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق منگل کو فائرنگ سے کورنگی میں ایک، علی گڑھ کالونی اورنگی ٹاوٴن میں دو فراد کو قتل کردیا گیا ۔ اورنگی کے ہی علاقے مومن آبادمیں فائرنگ سے ایکسائز پولیس کا کانسٹیبل جمال رضا جاں بحق ہوا۔

فائرنگ کے بعدمذکورہ علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی۔ میٹرول، کٹی پہاڑی کورنگی اور مجاہد کالونی میں بھی فائرنگ سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ادھر منگوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں خالی پلاٹ پر مشکوک بیگ سے گیارہ دیسی ساختہ بم برآمد ہوئے جنہیں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کو ناکارہ بنادیا۔

ایس ایس پی ،سی آئی ڈی چودھری اسلم نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزمان 25 سے زائد افراد کے قتل سمیت 90 سے زائد ڈکیتیوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 25 کلو دھماکہ خیز مواد، دو کلاشنکوف ، چار دستی بم اور بم بنانے میں استعمال ہونیوالی دیگر چیزیں برآمد ہوئی ہیں۔
XS
SM
MD
LG