رسائی کے لنکس

کراچی کنگز کی مسلسل آٹھویں شکست، بابر اعظم پر وسیم اکرم کی برہمی پر شائقین ناراض


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں مسلسل آٹھ شکستوں کے بعد بابر الیون نے ایونٹ میں نئی تاریخ رقم کردی ہے۔

ناکامیوں کے بھنور میں پھنسی کراچی کنگز ٹائٹل کی دوڑ سے تو پہلے ہی باہر ہو گئی تھی لیکن اسے ایونٹ میں اب تک ایک میچ میں بھی کامیابی نہیں مل سکی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بدھ کو ملتان سلطانز کےخلاف کانٹے کے مقابلے کے باوجود کراچی کنگز کو سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے آخری اوور میں جب ملتان سلطانز کو پانچ گیندوں پر سات رنز درکار تھے تو اس موقع پر باؤنڈری لائن پر موجود کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کو غصے بھرے انداز میں بابر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وسیم اکرم کے چہرے کے تاثرات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ بابر اعظم پر غصہ کر رہے ہیں۔

وسیم اکرم نے اس سارے معاملے پر کہا ہے کہ وہ باؤنڈری پر بابر سے کی جانے والی گفتگو پر آنے والا ردِعمل دیکھ کر حیران ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ کہہ رہا تھا کہ 'کیوں ہمارے بالر یارکر یا سلوئر ونز نہیں کرا سکتے۔'ان کے بقول بابر اعظم ایک بہترین لڑکا ہے اور وہ اپنی پوری کوشش کر رہا ہے۔

بابر اعظم کی قیادت میں کراچی کنگز کے ابتدائی چھ میچز یکطرفہ رہے لیکن ساتویں اور آٹھویں میچ میں کنگز کے کھلاڑیوں کی جانب سے بھرپور مزاحمت دیکھی گئی لیکن پھر بھی ٹیم کو فتح نہ مل سکی۔ کراچی کنگز کی اس کارکردگی پر ٹیم کے مداحوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور بابر بھی تنقید کی زد میں ہیں۔

کپتان بابر کی انفرادی کارکردگی بھی پی ایس ایل 7 میں کوئی زیادہ شاندار نہیں۔ وہ آٹھ میچز میں اب تک 268رنز اسکور کرچکے ہیں جس میں ان کی ایک 90 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز بھی شامل ہے۔

بابر اعظم پر بطور کپتان اور بلے باز شائقین کی تنقید کے بعد ان کے والد کی جانب سے بھی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی نے انسٹاگرام کی ایک پوسٹ میں کہا کہ ''دعا ہے اللہ بابر اعظم کا یہ جمود توڑے اور فارم بحال کرے۔''

ان کے بقول بابر اعظم نہ گھبراتے ہیں نہ محنت چھوڑتے ہیں اور نہ ہی اللہ کی رحمت سے مایوس ہیں۔ وہ اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

بابر اعظم کے والد کا کہنا تھا کہ دنیا میں بڑے سے بڑا کھلاڑی آؤٹ آف فارم ہوجاتا ہے۔ دعا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ان کی فارم بحال ہو۔

عرفہ فیروز ذکی نامی ٹوئٹر صارف نے بابر اعظم اور وسیم اکرم کے معاملے پر لکھا کہ اگر وسیم اکرم بابر اعظم پر برہم ہوئے ہیں تو یہ مکمل غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ (وسیم اکرم) قومی ٹیم کے کپتان کے ساتھ ایسا نہیں کرسکتے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بابر نے کراچی کنگز کے اسکواڈ کا انتخاب کیا تھا؟

عرفہ کا کہنا تھا کہ صرف بابر اعظم کراچی کنگز کے لیے پرفارم کر رہے ہیں۔ اس طرح ان پر غصہ ناانصافی ہے۔

ایک اور ٹوئٹر صارف ارشد خان تنولی نے کہا کہ پاکستان کے تمام فارمیٹ کے کپتان کے ساتھ وسیم اکرم کا ایسا رویہ انتہائی مایوس کن ہے۔ وہ ہمارے ہیرو اور دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن آپ اس طرح انہیں ڈانٹ نہیں سکتے۔

یاد رہے کہ ملتان سلطانز کے خلاف کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےمقررہ 20 اوورز میں 174 رنز اسکور کی تھے جس کے جواب میں ملتان کے کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 76 رنز اسکور کیے۔

ملتان سلطانز نے 175 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر تین گیندیں قبل ہی پورا کیا تھا۔

اس شکست کے ساتھ ہی کراچی کنگز کسی بھی پی ایس ایل میں ایک ساتھ سب سے زیادہ میچز ہارنے والی واحد ٹیم بن گئی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ برس ہونے والی پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی تھی اور وہ سیزن میں مجموعی طور پر آٹھ میچز ہار گئی تھی۔لیکن کراچی کنگز نے لگاتار آٹھ میچز ہار کر تاریخ رقم کی ہے۔

خیال رہے کہ سال 2019 کے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی ٹیم کو ایونٹ میں مجموعی طور پر سات میچز میں شکست ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG