رسائی کے لنکس

کراچی آپریشن کے باعث جیلوں میں جگہ کم پڑ گئی


آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کا کہنا ہے کہ ’سینٹرل جیل کراچی میں 2 ہزار 400 قیدیوں کی گنجائش ہے۔ لیکن اس وقت جیل میں 6 ہزار کے قریب قیدی موجود ہیں‘

کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کئی ماہ سے جاری آپریشن کے باعث جیلوں میں جگہ کم پڑ گئی ہے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کی سینٹرل اور لانڈھی جیل میں قیدیوں کی تعداد میں تقریباً 50 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کا کہنا ہے کہ ’سینٹرل جیل کراچی میں 2 ہزار 400 قیدیوں کی گنجائش ہے۔ لیکن، اس وقت جیل میں 6 ہزار کے قریب قیدی موجود ہیں۔‘

ان کے مطابق، ’لانڈھی جیل میں زیادہ سے زیادہ ایک ہزار 300قیدی رکھے جا سکتے ہیں۔ لیکن، سرکاری ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ اس وقت جیل میں 3ہزار 500 قیدی وہاں موجود ہیں۔‘

آئی جی جیل خانہ جات کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس وقت ہماری جیلوں کو حالیہ دنوں میں قیدیوں کی گنجائش سے زیادہ تعداد کا سامنا ہے۔ روزنامہ ’ڈان‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے اتفاق کیا ہے کہ جیلوں میں قیدیوں کی تعداد میں تیز رفتار اضافے کی وجہ حالیہ مہینوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مسلسل چھاپے اور گرفتاریاں ہیں جبکہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سمیت دیگراداروں کی جانب سے سرگرم کارروائیوں کا بھی اس میں بڑا کردار ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات پر اعتماد ہیں کہ سپر ہائی وے کے ساتھ مجوزہ جیل سے یہ مسئلہ آنے والے چند ماہ میں حل ہوجائے گا اور اس سے ناصرف گنجائش سے زیادہ قیدیوں کے چیلنج سے نمٹنے میں مدد ملے گی، بلکہ سینٹرل جیل کے شہر کے وسط میں ہونے کی وجہ سے سیکورٹی سے متعلق خدشات کا خاتمہ بھی ہو سکے گا۔

XS
SM
MD
LG