رسائی کے لنکس

کراچی کے شہری کو ایبولا کا مرض لاحق نہیں: عالمی ادارہٴصحت


ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ مریض کی 'اٹلانٹا لیبارٹری' سے ٹیسٹ رپورٹ حاصل کی گئی ہے، جس میں مریض کا وائرس کا منفی نتیجہ سامنے آیا ہے

عالمی ادارہٴصحت نے رواں ماہ کے آغاز پر کراچی شہر میں سامنے آنےوالے ایبولا وائرس کے 'مشتبہ' مریض کے بتایا ہے کہ وہ ایبولا وائرس زدہ نہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ہارون نامی مریض میں ایبولا ٹیسٹ کےبعد،ایبولا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔

اِس کے بعد، کراچی کے جناح اسپتال میں ’انتہائی نگہداشت‘ کے وارڈ میں داخل مریض 45 سالہ ہارون کو اسپتال انتظامیہ نے ڈسچارج کرکے گھر واپس بھیج دیا۔

اس سلسلے میں، منگل کے روز قومی ادارہٴصحت اور عالمی ادارہٴصحت نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا۔

بیان مین بتایا گیا ہے کہ کراچی کے اس مشتبہ مریض کی 'اٹلانٹا لیبارٹری' کی طرف سے دی جانے والی ایبولا ٹیسٹ رپورٹ میں مریض کا وائرس کا منفی نتیجہ سامنے آیا ہے۔

بتایا گیا ہے مشتبہ مریض میں ایبولا وائرس کے کسی بھی قسم کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ ابھی تک، پاکستان ابیبولا فری ملک ہے جہاں ابھی تک کوئی ایسے کیس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

دو ہفتے قبل لائیبیریا سے واپس آنے پر، کراچی کے اس 45 برس کے رہائشی کو تیز بخار کی علامات پر ایئرپورٹ سے ایبولا کے شبہے پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کی ایک طبی ٹیم نے مشتبہ مریض کے خون کے نمونوں کو ایبولا کے وائرس کی تصدیق کے لئے قطر بھیجا تھا۔

XS
SM
MD
LG