رسائی کے لنکس

کراچی میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ جمعرات کو ہوگی


الیکشن کمیشن کے مرتب کردہ سیکورٹی پلانز کے مطابق، دونوں حلقوں میں قائم تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پولیس کے علاوہ رینجرز کی بھی بھاری نفری تعینات ہوگی، جبکہ ہنگامی صورت حال میں فوج کو تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں

کراچی میں جمعرات کو سندھ اسمبلی کی دو نشستوں پی ایس 106 اور پی ایس 117 پر ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ ہوگی۔ پولنگ کے لئے تمام انتظامات اور تیاریاں مکمل ہیں۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کراچی سینٹرل سید ندیم حیدر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کے دوران بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز پر بیلٹ باکس پہلے ہی پہنچا دیئے گئے تھے جبکہ بیلٹ پیرز، مہریں، انمٹ سیاہی اور دیگر انتخابی سامان کے تھیلے بدھ کی شام عملے کے حوالے کردیئے گئے۔ انتخابی انتظامات مکمل ہوچکے ہیں جبکہ سیکورٹی اقدامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی۔‘‘

سیکورٹی انتظامات کو فول پروف کئے جانے کے باوجود الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مرتب کردہ سیکورٹی پلانز کے مطابق، دونوں حلقوں میں قائم تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پولیس کے علاوہ رینجرز کی بھی بھاری نفری تعینات ہوگی، جبکہ ہنگامی صورت حال میں فوج کو تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے رینجرز اور پریذائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کئےگئے ہیں، جو قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو موقع پر ہی سزا دے سکیں گے۔

دوسری جانب صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے ترجمان نثار نے وی او اے کو بتایا کہ دونوں حلقوں میں مرکز شکایات قائم کئے گئے ہیں جو شکایات ملتے ہی اس پر توجہ کے ذمے دار ہوں گے۔

سنہ 2013 کے عام انتخابات میںیہ دونوں ایم کیو ایم کے امیدواروں ڈاکٹر صغیر احمد اور افتخار عالم نے جیتی تھیں۔ لیکن، رواں سال مارچ میں ان دونوں رہنماؤں نے ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کی جماعت ’پاک سرزمین پارٹی‘ میں شمولیت اختیار کر لی تھی، جبکہ دونوں صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG