رسائی کے لنکس

اورنگی ٹاوٴن اور کٹی پہاڑی پر فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات، رینجرز کا آپریشن جاری


اورنگی ٹاوٴن اور کٹی پہاڑی پر فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات، رینجرز کا آپریشن جاری
اورنگی ٹاوٴن اور کٹی پہاڑی پر فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات، رینجرز کا آپریشن جاری

کراچی میں حالیہ بدامنی کے واقعات کے دوران حساس ترین علاقہ قرار پانے والے اورنگی ٹاوٴن اور اس سے ملحقہ کٹی پہاڑی پر فرنٹیئر کانسٹیبلری کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ ایف سی کی تعیناتی اورنگی ٹاوٴن میں قیام امن کی غرض سے پہلے سے تعینات پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے علاوہ ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ عمران منہاس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اورنگی ٹاوٴن میں امن و امان کی صورتحال کو جلد بہتر بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت اورنگی ٹاو ن، کٹی پہاڑی ،پیر آباد،قصبہ موڑ، محمد پور اور اورنگی ٹاوٴن کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر فرنٹیر کانسٹیبلری کے جوان تعینات کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن تاحال جاری ہے ۔ بدھ کوصبح پانچ بجے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے سہراب گوٹھ میں الآصف اسکوائر اور اطراف کی کچی آبادیوں میں آپریشن کیا جو نو گھنٹے تک جاری رہا۔ آپریشن کے دوران 60 پستول ، بارہ کلاشنکوف، چار رائفلیں اور چار ہزار گولیاں برآمد ہوئیں تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

بدھ کو پولیس کی جانب سے شہر میں پانچ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ سی آئی ڈی پولیس کے مطابق ایک سیاسی جماعت کے دو کارکنان کے قتل میں ملوث دو ٹارگٹ کلرزکو اورنگی ٹاؤن اور حیدری سے گرفتار کیا گیا جبکہ ای سی ایل سی نے بھی بھتہ نہ دینے والے تین افراد کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ علاوہ ازیں گلشن پولیس نے گلشن معمار سے بھی دو سیاسی کارکنوں کے مبینہ قاتل کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

ادھروفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے دو گھنٹے کے نوٹس پر کراچی میں ٹارگٹ کلرز اور شر پسند عناصر سے متعلق ان کیمرہ بریفنگ دے سکتا ہوں۔ وہ بدھ کو اسلام آباد میں کراچی کی صورتحال پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ کراچی میں پائیدار اور دیرپا امن کے لیے پارلیمنٹ کی کمیٹی کے اقدامات موثر ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں قبضہ مافیا کو ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے اور اگر انہوں نے قبضہ نہیں چھوڑا تو کارروائی میں بڑے بڑے نام بے نقاب ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG