رسائی کے لنکس

کراچی : پرتشد د کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ


وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کراچی میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کراچی میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ یا ہدف بنا کر ہلاک کرنے اور شہر میں امن وامان کی بحالی کے لیے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ایک ضابطہ اخلاق تیا ر کیاگیا ہے جس کے تحت ایم کیوایم اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت تمام سیاسی قوتیں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں گی۔

ہفتے کو کراچی میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے اُنھوں نے بتایا کہ کراچی میں تشدد کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی اور کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے کراچی میں مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی میز پر مل بیٹھنے پر اتفاق کیا ہے جس کے بعد حقیقی مسائل کے حل کے لیے مختصر، وسط اور طویل المدتی اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کا انحصار پرامن کراچی پر ہے اور کسی کو شہر میں امن وامان کی صورت حال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شہر میں اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کے کراچی میں قیام امن کے لیے فوج طلب کرنے کی ضرورت ہے۔

کراچی میں گذشتہ ہفتے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی رضا حیدر کی ہلاکت کے بعد فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں85 سے زائدافراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہو گئے تھے ۔ ان پرتشدد کارروائیوں کے بعد ملک کی اقتصادی شہ رگ کہلانے والے شہر کراچی میں کاروباری حلقوں کا کہنا تھا کہ ایک دن کاروبار کی بندش سے اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG