رسائی کے لنکس

کراچی : ٹرانسپورٹ ہڑتال ، شہریوں کو مشکلات کا سامنا


کراچی : ٹرانسپورٹ ہڑتال ، شہریوں کو مشکلات کا سامنا
کراچی : ٹرانسپورٹ ہڑتال ، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک کے اقتصادی مرکز کراچی میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جمعرات کو ہڑتال کی جارہی ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے برابر ہے ۔

کراچی کے شہریوں نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ اُنھیں اپنے دفاتر ، دکانوں اور جائے روزگا ر تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنے کام پر نہیں پہنچ سکیں گے جس سے اُن کے لیے مالی دشواریاں اوربھی بڑھ جائیں گے۔

کراچی میں رکشے اور ٹیکسی گاڑیاں چل رہی ہیں لیکن شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ مہنگائی کے باعث ان میں سفر نہیں کرسکتے۔

پاکستان میں حزب اختلاف اور حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں نے یکم مارچ سے نافذ العمل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9.9 فیصد اضافے پر احتجاج کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا۔

تیل اور گیس کی قیمتوں کا تعین کرنے والے سرکاری ادارے ’اوگرا‘ نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کااعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے حکومت کے لیے عوام کو رعایت فراہم کرنا ناممکن ہو گیا تھا اور اس بوجھ کی صارفین تک منتقلی ناگزیر تھی۔

پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے بعد ناقدین کا کہنا تھا کہ عوام ملک میں مہنگائی اور بنیادی سہولتوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں اور اُن کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اُن کی دشواریاں مزیدبڑھ جائیں گی ۔

XS
SM
MD
LG