رسائی کے لنکس

کراچی : اے این پی عہدیدار سمیت 9 افراد قتل ،شہر میں کشیدگی


کراچی : اے این پی عہدیدار سمیت 9 افراد قتل ،شہر میں کشیدگی
کراچی : اے این پی عہدیدار سمیت 9 افراد قتل ،شہر میں کشیدگی

جمعرات کو کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) کے ضلعی صدر سمیت نو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ اے این پی عہدیدار سعید احمد خان کی ہلاکت کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی ۔

پولیس کے مطابق جمعرات کو عیسیٰ نگری ، پرانی سبزی منڈی ،منگھو پیر ، ابراہیم حیدری ، پی آئی بی کالونی ، ملیر، میٹروول اور بھینس کالونی میں فائرنگ کے واقعات میں اے این پی کے عہدیدار سعید احمد خان اور ان پر فائرنگ کرنے والے ایک شخص سمیت نو افراد ہلاک ہو گئے ۔
ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ کے مطابق ابتدائی طور پر اے این پی عہدیدار کا قتل ٹارگٹ کلنگ معلوم ہو تاہے ۔ جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا ۔عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص اے این پی کا عہدیدار تھا ۔اُن کا کہنا ہے کہ تین روز میں اُن کی جماعت کا دوسرا عہدیدار قتل ہو ا ہے ۔ اس سے قبل پاک کالونی میں بھی اے این پی کا عہدیدار قتل ہوچکا ہے ۔ اُنہوں نے کارکنان سے پُرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے قانون نافذ کرنےوالے اداروں سے حالات پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ۔
سعید احمد کے قتل کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں شدید کشیدگی پھیل گئی اور مسلح افراد کی فائرنگ سے شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔ میٹرول وول میں مشتعل افراد نے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور ایک موٹر سائیکل کو آگ لگا دی ۔

ادھر گلستان جوہر کے علاقے رابطہ سٹی میں بھی فائرنگ کی اطلاع ہے جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور کاروبار بند ہو گیا ۔ بدھ کو بھی پرانی سبزی منڈی کے علاقے میں دو گروپوں میں تصادم کے دوران مورچہ بند فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں دکانیں اور دیگر کاروبار بند ہو گیا تھا۔
یاد رہے کہ2012ء کی آمدکے بعد سے ہی شہر میں بد امنی کی نئی لہر شروع ہو گئی ہے اور ابتدائی پانچ روز میں اے این پی کے دو عہدیداروں ، جعفریہ الائنس کے رہنما رضا عسکری سمیت فائرنگ کے واقعات میں بارہ افراد قتل ہو چکے ہیں ۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2011ء میں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور ذاتی دشمنی کی بنا پر فائرنگ کے واقعات میں 1774 افراد لقمہ اجل بنے۔

XS
SM
MD
LG