رسائی کے لنکس

کراچی میں فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ پھر شروع، 6 افراد ہلاک


کراچی میں فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ پھر شروع، 6 افراد ہلاک
کراچی میں فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ پھر شروع، 6 افراد ہلاک

کراچی میں ایک بار پھر فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا جب جمعہ کو فائرنگ کے مختلف واقعات میں چھ افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔

سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی میں بدامنی پر از خود نوٹس کے بعد قتل و غارت کی وارداتوں میں واضح کمی دیکھی گئی۔ تاہم، دسمبر میں چھوٹے درجے کے چار بم دھماکوں اور مختلف فائرنگ کے واقعات کے بعدشہر میں پھر خوف کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ دوسری جانب، حالات کا جائزہ لینے کیلئے، چیف جسٹس ہفتے کو کراچی پہنچ رہے ہیں ۔

جمعہ کو کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد کی موبائل کمپنی کے دفتر پر فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔ ملیر میں نجی اسپتال میں ایک ڈاکٹر محبوب کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا ۔ قیوم آباد میں اللہ نواز نامی شخص کو تشدد کے بعد ہلاک کردیا گیا، جبکہ بھیم پورا میں کاشف نامی مقامی گلوکار کو گولیاں ماردی گئیں ۔شیر شاہ قبرستان کے قریب بھی فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا گیا ۔

ہیومن رائٹس پاکستان اور دیگر ذرائع سے حاصل کردہ اعدادو شمار کے مطابق رواں سال چوبیس اگست تک شہر میں 971 افراد ہلاک ہوئے تاہم، 26 اگست سے کراچی بد امنی پر از خود نوٹس کی سماعت کراچی رجسٹری میں شروع ہوئی، جِس کے بعد شہر کے حالات میں انتہائی خوشگوار تبدیلی دیکھی گئی اور تقریبا ً تین ماہ میں 56 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئیں۔

ستمبر میں دس،اکتوبر میں بائیس ، نومبر میں سات افراد نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے ۔ تاہم، دسمبر میں حالات گزشتہ تین ماہ کی نسبت زیادہ خراب دکھائی دے رہے ہیں اور جمعہ کے واقعات میں چھ افراد کی ہلاکتوں کے بعد فائرنگ کے واقعہ میں لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد سترہ ہو گئی ہے، جِن میں چار چھوٹے پیمانے کے بم دھماکے بھی ہیں، جِن میں چار افراد زندگی ہار بیٹھے تھے ۔

دوسری جانب، کراچی بد امنی کیس کے بعد شہر میں امن و امان کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ہفتہ کو کراچی پہنچ رہے ہیں اور سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں آئی جی سندھ ، ڈائریکٹر جنرل رینجرز ، ایڈووکیٹ جنرل ، پراسیکیوٹر جنرل اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر چیف جسٹس کو آگاہ کیا جائے گا کہ بدامنی کیس کی سماعت کے بعد سے اب تک کتنے ملزمان گرفتار ہوئے ہیں ، کتنے مقدمات درج ہوئے اور عدالتوں میں کتنے چالان پیش کیے گئے ہیں ۔

XS
SM
MD
LG