رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کی گاڑی پر حملے میں غیر ملکی ڈاکٹر زخمی


پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ ڈاکٹر کراچی میں انسداد پولیو کی مہم کے سلسلے میں قائم ایک کیمپ کی طرف جارہے تھے جب ان کی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔

اقوام متحدہ کی ایک گاڑی پر کراچی میں منگل کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک غیر ملکی ڈاکٹر اور اُس کا مقامی ڈرائیور زخمی ہوگئے۔

مقامی پولیس افسران نے بتایا ہے کہ حملہ سہراب گوٹھ کے علاقے میں کیا گیا اور فائرنگ کرنے والے دو افغان شہری تھے۔

غیر ملکی ڈاکٹر کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے تاہم اُس کی شہریت کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے یہ ڈاکٹر شہر میں انسداد پولیو کی مہم کے سلسلے میں قائم ایک کیمپ کی طرف جارہے تھے جب ان کی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔

عالمی ادارہ صحت، ڈبلیو ایچ او، نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کے لیے کام کرنے والا ایک ڈاکٹر اور ڈرائیور اس میں زخمی ہوگئے۔

پاکستان میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی تین روزہ سرکاری مہم پیر کو شروع ہوئی ہے۔
XS
SM
MD
LG