رسائی کے لنکس

کرن جوہر ’ولن‘، معاوضہ صرف 11 روپے


اپنی فلموں میں عشق، محبت اور رومانویت کے نت نئے دلکش زاوئیے پیش کرنے والے کَرن جوہر نے انوراگ کرشیپ کی آنے والی فلم ”بومبے ویل ویٹ“ میں ولن کا رول ادا کرنے کی ٹھان لی ہے۔

بالی وُوڈ میں کچھ ڈائریکٹرز ایسے بھی ہیں جنہیں بادشاہ گر کہا جاتا ہے یعنی اگر وہ کسی راہ چلتے لڑکے یالڑکی کو بھی اپنی فلم میں چانس دے دیں تو پھر اسے اسٹار بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اس پر دولت اور شہرت بارش کی طرح برستی ہے۔ ان ڈائریکٹرز میں سب سے نمایاں نام کَرن جوہر کا ہے۔

کَرن جوہر کا نام آتے ہی بڑے بڑے عالیشان سیٹس، پرفضا رومینٹک وادیوں میں بکھرتے سریلے گانے، اسٹائلش ملبوسات پہنے بالی وُوڈ کے خوبصورت میگا اسٹارز اور خاندانی رشتوں کے تانے بانے میں گندھی کہانی ذہن کے پردوں پر دستک دینے لگتی ہے۔ اب یہی کرن جوہر کچھ ایسا کرنے جا رہے ہیں جو بالی وُوڈ کے علاوہ ان کے پرستاروں کے لئے بھی ’سرپرائز‘ ثابت ہوگا۔

اپنی فلموں میں عشق، محبت اور رومانویت کے نت نئے دلکش زاوئیے پیش کرنے والے کَرن جوہر نے انوراگ کرشیپ کی آنے والی فلم ”بومبے ویل ویٹ“ میں ولن کا رول ادا کرنے کی ٹھان لی ہے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق بالی وُوڈ کو ایک سے ایک ہٹ رومینٹک جوڑی دینے والے کَرن جوہر کا ولن بن جانا حیران کن بھی ہے اور دلچسپ بھی۔ اکتالیس سالہ کَرن جوہر ہر وقت کچھ نیا کرنے کی دُھن میں رہتے ہیں۔ پروڈیوسر، ڈائریکٹر ، چیٹ شو ہوسٹ، رئیلیٹی شو جج ۔۔ غرض کَرن کے بہت سے مختلف روپ ہیں اور ان سب میں ہی کَرن نے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔

یوں تو کَرن نے یش چوپڑہ کی میگا ہٹ ”دل والے دلہنیا لے جائیں گے“ میں شاہ رخ خان کے دوست کا کردار نبھایا تھا وہ بھی سترہ سال پہلے لیکن وہ ان کی ’گیسٹ اپرینس‘ تھی۔اس کے بعد بھی کَرن جوہر نے ”اوم شانتی اوم“ اور” لک بائی چانس“ میں مہمان اداکار کے طور پر انٹری دی تھی۔

کَرن جوہر نے جو ”بومبے ویل ویٹ“ میں رنبیر کپور کے مقابل ”ولن“ کا رول ادا کریں گے۔ اپنے کردار کے بارے میں کَرن کا کہنا ہے کہ یہ کردار انہیں اچانک ہی آفر ہوا اور اسکرپٹ دیکھنے کے بعد ان سے رہا نہ گیا اور انہوں نے حامی بھر لی۔ اُن کا کہنا ہے ”میرا کردار ’برے آدمی‘ کا ہے تو اسے ٹھیک سے نبھانے کے لئے میں ہر کوشش کروں گا۔

کرن کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں شروع سے ہی معلوم تھا کہ کبھی نہ کبھی وہ وقت آئے گا جب وہ اداکار کے طور پر سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ انوراگ کرشیپ کے ساتھ ملکر اپنے کیریکٹر پر کام بھی شروع کردیا ہے۔

انوراگ، کَرن جوہر کو اپنی فلم میں لے کر بہت خوش ہیں اور کرن کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں تو کَرن سے اسکرپٹ پر مشورہ لینے گیا تھا جو انہیں بے حد پسند آیا اچانک میں نے کرن کو رول آفر کر دیا اوراس نے فوراً حامی بھر لی۔

مزے کی بات یہ ہے کہ کروڑوں روپے دے کر بالی وڈ کے صفِ اول کے اسٹارز کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے والے کرن جوہر بطور اداکار اپنی پہلی فلم کا معاوضہ صرف ”11 روپے“ لیں گے۔
XS
SM
MD
LG