رسائی کے لنکس

کرزئی دوبارہ انتخاب نہیں لڑیں گے، گیٹس


کرزئی دوبارہ انتخاب نہیں لڑیں گے، گیٹس
کرزئی دوبارہ انتخاب نہیں لڑیں گے، گیٹس

امریکی وزیرِدفاع کا کہنا ہے کہ افغان صدر حامد کرزئی نے عندیہ دیا ہے کہ وہ 2014ء میں اپنے عہدے کی حالیہ مدت کے اختتام پر صدارت سے دستبردار ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ بات بدھ کے روز امریکی وزیرِدفاع رابرٹ گیٹس نے امریکی سینیٹ کی ایک کمیٹی کوبتائی ۔ رابرٹ گیٹس کے بقول افغان صدر نے ان سے اپنے ارادے کا اظہار ایک حالیہ ملاقات میں کیا تھا۔

امریکی سینیٹ کی کمیٹی کے روبرو اپنے بیانِ حلفی میں امریکی وزیرِدفاع نے افغان صدر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے صدر کرزئی کے خدشات پر "اکثر اوقات مناسب انداز میں کان نہیں دھرے"تاہم اس کے باوجود انہوں نے امریکہ کے ساتھ طویل شراکت قائم رکھی۔

امریکی وزیرِدفاع کے بقول صدر کرزئی افغانستان میں امریکہ کی فوجی حکمتِ عملی اور جنگ سے تباہ حال ملک کی تعمیرِ نو میں امریکہ کی کردار کی اہمیت کا ادراک رکھتے ہیں۔

رابرٹ گیٹس، جو رواں ماہ کے اختتام پر بطورِ وزیرِدفاع اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہور ہے ہیں، نے رواں کے آغاز میں افغانستان کا الوداعی دورہ کیا تھا۔

گیٹس کا مذکورہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر براک اوباما افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کے عمل کے آغاز سے متعلق صلح مشورے میں مصروف ہیں۔

صدر اوباما نے آئندہ ماہ سے افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کی مرحلہ وار واپسی کے آغاز کا اعلان کر رکھا ہے جو 2014ء میں مکمل ہوگی۔

بدھ کے روز وہائٹ ہائوس کے ترجمان جے کارنے نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ نے افغانستان میں نمایاں پیش رفت کی ہے تاہم صدر اوباما نے اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا عمل کس رفتار سے انجام دیا جائے۔

دریں اثناء 27 امریکی اراکینِ کانگریس نے بدھ کے روز صدر اوباما کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ افغانستان کی مقامی فورسز کو سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سونپنے اور امریکی افواج کی وہاں سے واپسی کے عمل میں تیزی لائیں۔

خط میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن، دونوں جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قانون سازوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ امریکہ نے القاعدہ کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے، طالبان کی حکومت کے خاتمے اور امریکہ پر 11 ستمبر 2001ء کے حملوں کے ذمہ داروں کے تعاقب کے اہداف بڑی حد تک حاصل کرلیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG