رسائی کے لنکس

مجوزہ امن جرگےمیں طالبان کومدعو کرنے کا فیصلہ


صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ وہ افغانستان کو درپیش مسائل پر بات چیت کے لیے ملک میں جلد ایک امن جرگہ بلائیں گے۔ جمعرات کو لندن میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس سے اپنے خطاب میں انھو ں نے پاکستان اور سعودی عرب پر بھی زور دیا کہ وہ افغانستان میں امن کے قیام کی کوششوں میں افغان حکومت کی مدد کریں۔

انھوں نے افغان شورش پسندوں سے ایک بار پھر کہا کہ وہ القاعدہ سے تعلق کو توڑ کر اور تشدد ترک کر کے امن کے لیے کی جانے والی سیاسی کوششوں میں شامل ہو جائیں۔ صدر کرزئی نے کہا کہ ”ہمیں اپنے تما م ناراض ہم وطنوں سے بات چیت کرنا ہوگی جو القاعدہ یا دوسری دہشت گرد تنظیموں کا حصہ نہ ہوں اور جو افغان آئین کا احترام کرتے ہوں۔“

افغان صدر نے کہا کہ امن جرگے کے بعد مصالحتی کوششوں کے سلسلے میں حکومت ایک قومی کونسل برائے امن بھی تشکیل دے گی۔ افغان حکومت کے ایک ترجمان نے صدر حامد کرزئی کے اعلان کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن جرگے میں شرکت کے لیے طالبان کو بھی دعوت دی جائے گی اور وہ امید رکھتے ہیں کہ طالبان اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG