افغان صدر حامد کرزئی نے امریکی صدر باراک اوباما سے ویڈیو فون پر ہونے والی گفتگو میں طالبان کے ساتھ امن کے امکانات پر بات چیت کی ہے۔
کابل میں منگل کو صدارتی محل سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرزئی نے امریکی صدر کو افغانستان کی ان کوششوں کے بارے میں اعتماد میں لیا جو امن اور قومی مفاہمت کے عمل کو تیز کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
بیان کے مطابق صدر اوباما نے اِن کوششوں کا خیرمقدم کیا اور دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان اور بین الااقوامی برادری کو امن مذاکرات کے حوالے سے ایک متفقہ مئوقف اپنانے کی ضرورت ہے۔
ویڈیو فون پر ہونے والی گفتگو میں زیر بحث آنے والے دوسرے موضوعات میں افغان سکیورٹی فورسز کو مضبوط کرنا، علاقائی تعاون، انسداد بدعنوانی کے لیے کیے گئے اقدامات اور ستمبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کا شفاف انعقاد شامل ہیں۔
صدر کرزئی نے امریکی صدر سے ہونے والے بات چیت میں ایک بار پھر کہا کہ افغان عوام ہر گز نہیں چاہتے کہ دوسرے ملک آپس کی دشمنی یا” پراکسی وار “کے لیے افغانستان کی سرزمین کو استعمال کریں۔
گزشتہ ہفتے پاکستان کے دورے کے موقع پر افغان صدر نے کہا تھا کہ ان کا ملک نہ تو بھارت اور پاکستان اور نہ ہی امریکہ اور ایران کو ایسی سرگرمیوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دے گا۔
سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش افغانستان کے صدر کرزئی کے ساتھ باقاعدگی سے ٹیلی فون پر ایسے رابطے کیا کر تے تھے لیکن صدر اوباما بہت کم ایسا کر تے ہیں۔