رسائی کے لنکس

کشمیر میں بھارتی فوج کے ایک کیمپ پر حملہ


بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قریب بھارتی فوج کے ایک کیمپ پر اتوار کی رات حملے میں کم از کم ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

عسکریت پسندوں نے یہ حملہ راشٹریہ رائفلز کے ایک کیمپ پر کیا۔

بھارتی عہدیداروں کے مطابق خود کار اسلحے سے لیس حملہ آور شاہ پور سیکٹر کے علاقے میں قائم 46 راشٹریہ رائفلز کے کیمپ پر حملے کے بعد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

بھارتی سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

بھارتی سکیورٹی فورسز کے مطابق حملے کے دوران شہر جانی نقصان سے بچنے کے لیے بھارتی ہتھیاروں کا استعمال نہیں کیا گیا۔

دو ہفتے قبل 18 ستمبر کو بھارتی کشمیر میں اوڑی کے علاقے میں بھارت کی فوج کے ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پر حملے میں کم از کم 18 فوجی مارے گئے تھے۔

بھارت کی طرف سے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ حملہ کرنے والے عسکریت پسندوں کو پاکستان کی مدد حاصل تھی۔

تاہم پاکستان کی طرف سے اس کی سختی سے تردید کی گئی۔

اوڑی میں حملے کے بعد پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہوا اور بھارت نے گزشتہ ہفتے کشمیر کو منقسم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے قریب مشتبہ شدت پسندوں کے اہداف پر ’سرجیکل اسٹرائیکس‘ کرنے اور اس میں متعدد عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا۔

تاہم پاکستان کی طرف سے کہا گیا کہ اُس کے زیرانتظام کشمیر میں کسی طرح کی ’سرجیکل سٹرائیک‘ نہیں کی گئی، البتہ پاکستانی حکام کے مطابق ’لائن آف کنٹرول‘ پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے اُس کے دو اہلکار مارے گئے۔

XS
SM
MD
LG