رسائی کے لنکس

کشمیر: لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے پانچ بھارتی فوجی ہلاک


بھارت کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی علاقے سے کی گئی فائرنگ سے اس کے پانچ فوجی ہلاک ہوئے، جب کہ پاکستانی فوج نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

بھارتی عہدے داروں نے دعویٰ کیا ہے کہ کشمیر میں متنازع سرحد پر پاکستانی علاقے سے کی گئی فائرنگ میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ نے بھارتی الزام کو ’’بے بنیاد‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ٹوئیٹر‘‘ پر ایک بیان میں کہا کہ ’’ایل او سی (لائن آف کنٹرول) پر ہمارے پانچ فوجیوں کی ہلاکت کی خبر کے بارے میں (مجھے) علی الصباح بتایا گیا‘‘۔

عمر عبداللہ نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔

تاہم پاکستانی فوج نے اپنے مختصر ردعمل میں کہا ہے کہ متنازع سرحد کے پونچھ سیکٹر میں فائرنگ کا کوئی واقع پیش نہیں آیا ہے۔

یہ صورت حال ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب بھارت اور پاکستان تعطل کا شکار دوطرفہ امن مذاکرات کی بحالی کی جانب پیش رفت کر رہے ہیں۔

اس سے قبل جنوری میں دو بھارتی اور چار پاکستانی فوجی ہلاک ہوئے تھے، اور دونوں ممالک نے ان ہلاکتوں کی ذمہ داری ایک دوسرے پر عائد کی تھی۔
XS
SM
MD
LG