رسائی کے لنکس

کنٹرول لائن عبور کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد


بھارتی فوجی لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک بنکر میں۔ فائل فوٹو
بھارتی فوجی لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک بنکر میں۔ فائل فوٹو

’’کسی بھارتی فوجی کے ایل او سی پار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘‘

پاکستان نےبھارتی حکام کی طرف سے کنٹرول لائن عبور کر کے پاکستانی حدود میں کارروائی کرنے کا دعویٰ مسترد کر دیا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کہتے ہیں کہ بھارت نے اپنی عوام کو مطمئن کرنے کیلئے بے بنیاد پروپیگنڈا کیا ہے۔

راولپنڈی سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کہتے ہیں کہ لائن آف کنٹرول یعنی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کے بعد بھارت کی جانب سے بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ کسی بھی بھارتی فوجی نے کنٹرول لائن عبور نہیں کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت کا دعویٰ شکست خوردہ پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔

2 روز قبل بھارت نے کہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کرکے 4 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا جس کے جواب میں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں نے ایل او سی عبور کر کے ایک پوسٹ پر حملہ کیا اور اسے تباہ کر دیا اور 3 پاکستانی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔

تاہم پاکستان نے واضح کیا تھا کہ بھارت یکسر جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ کسی بھارتی فوجی کے ایل او سی پار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بھارت کی جانب سے ایل او سی کے پار سے بلا اشتعال فائرنگ کر کے 3 پاکستانی جوانوں کو شہید کیا گیا ہے۔

گذشتہ شام پاک فوج کے ترجمان نے رکھ چکری راولا کوٹ سیکٹر میں بھارتی فائرنگ اور اس سے تین اہلکاروں کے ہلاک اور ایک کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

XS
SM
MD
LG