رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں مظاہرین پر فائرنگ، ایک شخص ہلاک


بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں منگل کو مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا جب وادی کے منتخب عہدے داروں نے تشدد کے اس سلسلے کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔

پولیس اور مظاہرین کے درمیان پیر کے روز ہونے والی جھڑپوں میں سات افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے تھے۔

بھارتی کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ علاقے میں جاری اس بحران پر وزیر اعظم من موہن سنگھ اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں کے ساتھ بات چیت کے بعد نئی دہلی میں اپیل کرتے ہوئے احتجاج کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوششیں بند اور سرکاری املاک پر حملے بند کردیں۔

لیکن عمر عبداللہ کی اپیل اور علاقے میں کرفیو کے باوجود پیر کو ہزاروں افراد نے سڑکو ں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کیے جنہیں منتشر کرنے کی کوشش میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ حکام نے 39 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق بھی کی ہے۔

وادی میں بھارت مخالف مظاہرے گزشتہ کئی ہفتوں سے لگا تار جاری ہیں اور ان میں کم از کم 34 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

احتجاجی مظاہروں کا یہ سلسلہ جون میں پولیس کی فائرنگ سے ایک 17 سالہ نوجوان طالب علم کی ہلاکت کے بعد شروع ہوا جو ایک احتجاجی ریلی میں شامل تھا۔

پاکستان نے بھارتی کشمیر میں سکیورٹی فورسز کے مبینہ تشدد میں اضافے اور ان واقعات میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارتی حکومت ان حالات میں ضبط کا مظاہر کرے۔

بیان میں پاکستانی وزیر خارجہ نے کشمیر ی عوام کو اُن کی کوششوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا جو وہ اپنی حق خود ارادیت کے لیے کر رہے ہیں۔

کشمیر میں مسلمان علیحدگی پسند تنظیمیں پچھلے 20 سالوں سے بھارت سے آزادی یا پھر پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے جدوجہد کرر ہی ہیں اور اس کوشش میں وادی میں ہزارو ں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بھارت کا الزام ہے کہ پاکستان اُس کے زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسندوں کی پشت پناہی کر رہا ہے لیکن پاکستانی حکام ان الزامات کو یہ کہہ کر رد کرتے آئے ہیں کہ یہ کشمیریوں کی اپنی ”تحریک آزادی “ ہے۔

کشمیر کے تنازع پر بھارت اور پاکستان کے درمیان دو جنگیں ہو چکی ہیں اور یہ علاقہ دوطرفہ تعلقات میں کشیدگی کی بنیادی وجہ سمجھا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG