رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں دو مزید مظاہرین ہلاک


بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز کی حکومت مخالف مظاہرین پر مبینہ فائرنگ سے دو مزید افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً پندرہ سو مظاہرین نے پامپور کے علاقے میں کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلوس نکالنے کی کوشش کی اور جب ان کو روکا گیا تو انھوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ حکام کے مطابق مشتعل مظاہرین نے سرکاری عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نظر آتش کیا۔

یہ مظاہرے گذشتہ دو روز کے دوران مبینہ طور پر بھارتی پولیس کے ہاتھوں مسلمان نوجوانوں کی ہلاکت کے خلاف کیے جا رہے ہیں اور حالیہ ہفتوں کے دوران بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں کیے جانے والے مظاہروں میں سکیورٹی فورسز کی مبینہ فائرنگ اور تشدد سے کم از کم دو درجن افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

احتجاجی مظاہرے روکنے کے لیے وادی میں مسلم اکثریت رکھنے والے علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں پولیس اور نیم فوجی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جب کہ وقتاً فوقتاً کرفیو کا نفاذ بھی کیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG