رسائی کے لنکس

برطانوی شہزادی مڈلٹن کے عروسی جوڑے پر بحث چھڑ گئی


برطانوی شہزادی مڈلٹن کے عروسی جوڑے پر بحث چھڑ گئی
برطانوی شہزادی مڈلٹن کے عروسی جوڑے پر بحث چھڑ گئی

حال ہی میں برطانوی شہزادے ولیم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھنے والی شہزادی کیٹ مڈلٹن کا عروسی جوڑا خبروں کی زینت بن گیا ہے۔ انٹرنیٹ پر بعض ناقدین کی جانب سے یہ بحث چھیڑ دی گئی ہے کہ مڈلٹن کا عروسی جوڑا دراصل بیلجیم کی شہزادی ازابیل کے عروسی جوڑے کی نقل تھا۔

مڈلٹن کا سفید جوڑا 29 اپریل کو ان کی شادی کے موقع پر پوری دنیا نے براہ راست اور ٹی وی پر دیکھا اور پسند کیا۔ جبکہ بیلجیم کی شہزادی اور اطالوی وزیر اعظم سلویو برلسکونی کی قریبی عزیزہ ازابیل اورسینی نے بھی دوسال پہلے بیلجیم کے شہزادے ایڈوارڈ ڈی لگنی سے اپنی شادی کے موقع پر ایسا ہی عروسی جوڑا زیب تن کیا تھا۔ ان دونوں جوڑوں کا رنگ بھی ایک ہی تھا یعنی سفید۔

انٹرنیٹ پر متعدد ویب سائٹ کے وزیٹرز اس بحث میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے اسے محض مماثلت قرار دیا تو بعض نے اسے 'نقل' قرار دیا۔ بعض کی جانب سے دونوں جوڑوں میں موجود باریک باریک فرق کو بھی دلائل کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔

کچھ ویب سائٹس نے ان دونوں شہزادیوں کی شادی کی تصاویر کو نمایاں طور پر پیش کیا ہے جنہیں دیکھ کر پہلی نظر میں ایسا ہی لگتا ہے کہ دونوں شہزادیوں نے ایک جیسا جوڑا اپنی اپنی شادیوں کے موقع پر پہنا ہوا ہے ۔

انٹرنیٹ کے علاوہ فرانس، جرمنی اور بیلجیم کے متعدد اخبارات نے بھی کیٹ کے جوڑے کو ازابیل کے جوڑے کی ہوبہو نقل قراردیا ہے۔ مڈلٹن کا جوڑا ان کی پسندیدہ ڈیزائنر سارہ برٹن نے تیار کیا تھا۔ دوسری جانب ازابیل کا جوڑا گیرالڈ واٹلیٹ نے تیار کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG