رسائی کے لنکس

نومولود برطانوی شہزادی کی رونمائی


شہزادی کیٹ شام 6 بجکر 12منٹ پر نومولود شہزادی کو گود میں اٹھا کر اسپتال کے صدر دروازے کی سیڑھیوں پر نمودار ہوئیں۔ انھوں نے خوبصورت ہئیر اسٹائل کے ساتھ پیلی اور سفید پھولدار لباس پہن رکھی تھی اور بچی سفید ٹوپی اور سفید بلینکٹ میں لپٹی ہوئی تھی

شہزادی کیتھرین مڈلٹن کےہاں بیٹی کی ولادت کے بعد ابھی دس گھنٹے بھی پورے نہیں ہوئے تھے کہ ہفتے کی شام شاہی جوڑے نے اسپتال سے باہر آکر نومولود شہزادی کی ملاقات دنیا سے کرا دی ہے۔

اس یادگار موقع پر شہزادی کیٹ نےبچی کو گود میں لے رکھا تھا، جبکہ شہزادہ ولیم ان کےساتھ کھڑے تھے اور دونوں کا چہرہ شاہی جذبات سے دمک رہے تھے۔

رائل بی بی کی پیدائش کا اعلان کنزنگٹن محل کی ویب سائٹ اور محل کے ٹوئٹر اکاونٹ پر دوپہر 11 بجے کیا گیا۔ جس کے مطابق شہزادی کیٹ کے ہاں ہفتہ صبح 8 بجکر 34 منٹ پر بچی کی ولادت ہوئی۔

شہزادی کیٹ آج شام 6 بجکر 12منٹ پر نومولود شہزادی کو گود میں اٹھا کر اسپتال کی سیڑھیوں پر نمودار ہوئیں، تو حیرت انگیز طور پرفریش نظر آرہی تھیں۔ انھوں نے خوبصورت ہیئر اسٹائل کے ساتھ پیلی اور سفید پھولدار لباس پہن رکھی تھی اور بچی سفید ٹوپی اور سفید بلینکٹ میں لپٹی ہوئی تھی۔

اس موقع پر وہاں موجود دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ سےتعلق رکھنے والےفوٹو گرافروں کے کیمروں نے ننھی شہزادی اور شاہی جوڑے کی خصوصی تصاویر اتاریں، جو صبح سے اسپتال کےباہر نومولود شہزادی کی ایک جھلک کا انتظار کر رہے تھے۔

​اسپتال کےباہرجمع ہونے والے شاہی خاندان کے چاہنے والوں نے اس موقع پر شہزادی کی آمد کا اولہانہ انداز میں استقبال کیا۔

وسطی لندن میں واقع لنڈوونگ زچہ خانہ وہی اسپتال ہے،جہاں تقریبا دو سال پہلے شہزادہ جارج کی پیدائش ہوئی تھی علاوہ ازیں خود شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی پیدائش بھی اسی اسپتال کی ہے۔

اسپتال سے رخصت ہوتے وقت شہزادی کیٹ کار کی پچھلی سیٹ پر سوار ہوئیں جہاں ان کی برابر کی نشست پر شہزادہ ولیم نے بچی کو کار سیٹ میں ڈال کر ان کے حوالےکیا اور خود ڈرائیونگ کرتے ہوئے محل کی جانب رواں دواں ہوگئے۔

اس سے قبل اسپتال کےباہر شہزادہ ولیم کے ہمراہ 21 ماہ کے شہزادہ جارج کو بھی دیکھا گیا،جنھیں شہزادہ ولیم خاص طور پر ان کی بہن سے ملوانے کے لیے لائے تھے۔

شہزادی کی ولادت کی منادی

کنزنگٹن محل سے آج جاری ہونے والے بیانات کے مطابق، شہزادی کیٹ نےخیریت سے ایک بچی کو جنم دیا ہے۔ نومولود بچی کا وزن آٹھ پونڈ اور تین اونس ہے ،ولادت کے وقت شہزادی کیٹ کے ہمراہ ان کے شوہر شہزادہ ولیم موجود تھے۔

لنڈو ونگ اسپتال کے باہر ایک رسمی منادی کرنے والے نے شاہی مداحوں اور میڈیا کے ارکان کے سامنے بچی کی پیدائش کا اعلان کیا۔

علاوہ ازیں محل کی جانب سےآج صبح شہزادی کے لیبر جانے کی اطلاع بھی کی گئی تھی ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ ڈچز آف کیمبرج کو ولادت کے لیے صبح 6 بجے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

بعدازاں، شاہی جوڑے کی ہاں دوسرے بچے کی ولادت کی خبر کی تصدیق شاہی روایت کے مطابق بکنگھم پیلس سے کی گئی جہاں محل کے صحن میں تقریبا 12 بجکر 30 منٹ پر سنہرے ایزل پر میڈیکل ٹیم کا دستخط شدہ برتھ سرٹیفیکٹ آویزاں کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم کی صاحبزادی کا نمبر ملکہ برطانیہ کوئین ایلزبیتھ دوئم کے پڑ پوتوں اور پڑ پوتیوں میں پانچواں ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہزادہ جارج کی بہن برطانوی سلطنت کی چوتھی وارث ہوں گی جبکہ ننھی شہزادی کی پیدائش کے بعد چچا پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

شہزادی کی ولادت پر مبارکبادوں کا سلسلہ

جس وقت ملکہ برطانیہ کو بچی کی پیدائش کی اطلاع دی گئی وہ یارکشائر میں شاہی فرائض کی ادائیگی میں مصروف تھیں، جبکہ چچا ہیری آسٹریلیا میں ہیں۔

ننھی شہزادی کے دادا شہزدہ چارلس اور ان کی اہلیہ ڈچز کارنوال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ اپنی پوتی کی آمد پر بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں ،جبکہ اس سے قبل شہزادہ چارلس نے میڈیا سے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ شہزادہ ولیم ایک بیٹی کے باپ بنیں۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے شاہی جوڑے کو ٹوئٹر کے ایک پیغام کے ذریعے نیک خواہشات بھجیں۔

اسی طرح نائب وزیر اعظم نک کلیگ اور اپوزیشن کے رہنما ایڈ ملی بینڈ کی جانب سے بھی شاہی جوڑے کو بچی کی پیدائش پر مبارکباد کے پیغامات بھیجے گئے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق، توقع ہے کہ شاہی جوڑا آج رات وسطی لندن میں واقع کنزنگٹن محل میں رات گزارے گا جس کے بعد وہ نارفوک گاوں میں اپنےنئےگھر منتقل ہو سکتا ہے۔جہاں دو بچوں کے ساتھ شہزادی کیٹ کی مدد کے لیے ان کی والدہ اور بہن موجود ہوں گی۔

شہزادی کی ولادت کا جشن

شہزادہ ولیم اور کیٹ کی صاحبزادی کی پیدائش کی خوشی میں آج شام لندن کی اہم ترین عمارتوں ٹرافالگر اسکوائر اور لندن برج کو گلابی روشنیوں سے روشن کیا گیا ہے۔

ٹیلی کمیونیکشنز بی ٹی کے چھ سو فٹ اونچے ٹاور پر ایل ای ڈی اسکرین پر گلابی روشنی کے ساتھ شاہی جوڑے کی بیٹی کی اطلاع دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ برسہا برس سے چلی آنے والی شاہی روایت کے مطابق ننھی شہزادی کی پیدائش پر ہائیڈ پارک میں فوجی گھڑ سواروں کے 41دستے توپوں کی سلامی اور ٹاور آف لندن میں 62توپوں کی سلامی پیش کی جائیگی۔

اسی طرح ویسٹ منسٹر ایبے جرچ میں شہزادی کی ولادت کا جشن میوزک اور گھنٹیاں بجا کرکیا جائیگا منایا گیا۔

شہزادی کی پیدائش کی خوشی میں رائل منٹ حکومت کی طرف سے یادگاری چاندی سکےجاری کرے گی یہ سکے رواں برس 2مئی کو پیدا ہونے والے تمام بچوں کو دئیےجائیں گے ،جس پر 2015 درج ہوگا بچیوں کو گلابی پرس میں جبکہ لڑکوں کو نیلے رنگ کے پرس میں گڈ لک چاندی کا سکہ دیا جائے گا۔

شہزادی کا نام

ولیم اور کیٹ کی بیٹی کا شجرہ انھیں ملکہ وکٹوریہ کی ہفتم پڑ پوتی ثابت کرتا ہے،نومولود شہزادی سلطنت برطانیہ کی 44 ویں ملکہ کہلائیں گی ،پہلے انگلش تاج کے حقدار فاتح ولیم تھے جنھوں نے 1066 میں بادشاہت حاصل کی تھی۔

ملکہ برطانیہ 31 دسمبر 2013 کو یہ اعلان کر چکی ہیں کہ مستقبل کے بادشاہ یا ملکہ کو اس کی شایان شان نام شہزادہ یا شہزادی کے نام سے پکارا جائے گا لہذا یہ طے ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی صاحبزادی کے نام کےساتھ رائل ہائی نیس (عزت مآب) اور شاہی لقب پرنسس آف کیمبرج لکھا جائے گا ۔

برطانوی عوام نے اگرچہ اس خوشخبری کو سننے کے لیے کافی انتظار کیا تھا، لیکن تجسس کی فضا اب بھی برقرار ہے کہ آیا شہزادی ایلس کہلائے گی یا شارلٹ یا پھر جدید دور کے والدین اپنی پسندکے کسی نام سے اسے پکاریں گے بہر حال شہزادی کے نام کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ شاہی جوڑے کی جانب سے شہزادے جارج کےنام کا اعلان پیدائش کے دو روز بعد کیا گیا تھا، جبکہ شہزادہ ولیم کا نام شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی طرف سےسات دن بعد رکھا گیا تھا لیکن شہزادہ ہیری کی پیدائش کےفوراً بعد ان کا نام تجویز کر دیا گیا تھا تاہم خود شہزادہ چارلس کا نام ایک ماہ تک خفیہ رکھا گیا تھا۔

برطانیہ میں بکیز کی جانب سے شہزادی کے ناموں پر بڑی شرطیں لگائی گئی ہیں، بکیز کی فہرست میں مقبول ترین ناموں ایلس، شارلے، وکٹوریہ، ایلزبیتھ اور ڈیانا پر سب سے بڑی بولیاں لگائی گئی ہیں۔

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ 29 اپریل 2011 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

ان کی شادی کی تقریب کو دنیا بھرکےمیڈیا نے خصوصی کوریج دی تھی، جبکہ شہزادہ جارج کی پیدائش کی خبر دنیا بھرکےذرائع ابلاغ نےشہ سرخیوں میں دی تھی۔





XS
SM
MD
LG